بالی ووڈ سٹار سنی دیول جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہاں

بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین اداکاروں میں شامل سنی دیول نے جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر دیا، کہتے ہیں کہ پاکستان کے لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں، جب پاکستان جانا ہوگا تو ضرور جائیں گے۔

انڈین فلمی سٹار کے دنیا بھر میں لاکھوں مداح ہیں، سنی دیول کی فلمیں گھائل، ڈر، دامنی، جیت، گھٹک، ضدی، سرحد اور غدر پاکستان میں بھی بے حد پسند کی جاتی ہیں اور پاکستان میں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

ایک پروگرام کے دوران سنی دیول نے اپنے پاکستانی مداحوں سے ملنے کیلئے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ماضی میں سنی دیول رجت شرما کے شو آج کی عدالت میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے پاکستان میں اپنے مداحوں کے بارے میں بات کی، میزبان نے بالی ووڈ سٹار سے سوال کیا کہ کیا آپ کبھی پاکستان کا دورہ کریں گے؟

جس پر سنی دیول نے جواب دیا کہ جب جانا ہوگا تو ہم ضرور جائیں گے کیونکہ وہاں کے لوگ بہت پیار کرتے ہیں، مجھے اکثر ائیرپورٹ پر ملتے ہیں یا جہاں پر بھی ملے ہیں، بہت پیار سے ملتے ہیں، پاکستانیوں سے ان کا پورا خاندان بہت پیار سے ملتا ہے کیونکہ خاندانوں میں کچھ غلط فہمی نہیں ہے۔

سنی دیول کا کہنا تھا کہ یہ چند لوگ ہوتے ہیں جو غلط فہمیاں بنا دیتے ہیں‘۔یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکار گرو نانک کے 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کرتار پور کوریڈور کے افتتاح میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔

اداکار نے واپسی پر بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دورہ پاکستان کے دوران ملنے والی تمام محبتوں سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں، سنی دیول نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا ایک بہترین دورہ تھا، پاکستان میں لوگوں نے بہت پیار دیا، یہ امن کی نئی شروعات ہے اور میں چاہتا ہوں کہ سب اس کے ساتھ رہیں، 66 سالہ اداکار سنی دیول جلد اپنی فلم غدر کے سیکویل میں تارا سنگھ کے کردار میں واپس نظر آئیں گے، جس کی ہدایت کارانیل شرما ہیں۔

Related Articles

Back to top button