ترکش ڈرامہ ’’کورلش عثمان‘‘ کے کونسے کردار زلزلے میں چل بسے؟

ترکیہ میں آنے والے ہولناک زلزلے نے پاکستان میں مقبول ہونے والی ترک ڈرامہ سیریل ’’کورلش عثمان‘‘ کے مرکزی کرداروں کو بھی اپنی آغوش میں لے لیا، معروف اداکار جاگدس جانکایا اور ان کی اہلیہ زیلان تگرس ملبے تلے دب کر زندگی کی بازی ہار گئے۔
ترک سیریز کورولش عثمان کے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ سے اداکار اور ان کی اہلیہ کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی گئی، اس کے علاوہ ترکیہ کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے بھی ترک اداکار کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔
کمپنی کی جانب سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ کورولس عثمان سیریز میں کردار ادا کرنے والے ادا جاگدس جانکایا اور ان کی اہلیہ زیلان تگرس ترکیہ میں آنے والے زلزلے میں دب کر جاں بحق ہوگئے ہیں، آنجہانی اداکار نے ترکش سیریز کورولس عثمان میں قونیا پیلس کے سپاہی کا اہم کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ ترک ڈرامہ ’’کورلش عثمان‘‘ کے مجموعی طور پر چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں، جبکہ ان چاروں سیزن نے پاکستانی صارفین میں خوب مقبولیت حاصل کی ہے، ترک ڈراموں کی وجہ سے پاکستان میں تلواروں کی رجحان کافی بڑھا تھا، جبکہ ڈرامے کی ساری کاسٹ کو پاکستان میں کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔
یاد رہے کہ رواں برس 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے نے اس قدر تباہی مچائی ہے کہ اب تک اموات کی تعداد 34 ہزار سے تجاویز کر گئی ہے جبکہ اب بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے، ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اموات کی تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
ہولناک زلزلے سے تباہی کے بعد پاکستان سمیت مختلف ممالک نے مشکل کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں کو امداد بھجوائی ہے جبکہ ریسکیو ٹیم بھی روانہ کی گئی ہیں۔