جونی ڈیپ اور امبرہرڈ کے کیس پر فلم ’’ہاٹ ٹیک‘‘ کی تیاری


ہالی ووڈ دنیا کے معروف ناموں جونی ڈیپ اور ان کی اہلیہ امبر ہرڈ کے درمیان قانونی جنگ نے دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ حاصل کی، جس کی شاید ایک وجہ دونوں کی ذاتی الزام تراشی بھی تھی۔ وہ یورپی میڈیا جو دونوں سٹارز کی خفیہ باتوں کے راز افشاں کرنے کیلئے کوشاں رہتا تھا، کو جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ کے درمیان قانونی جنگ میں مطلوبہ تمام مصالحہ وافر مقدار میں دستیاب رہا، اس قانونی جنگ کو کہانی کا روپ دیتے ہوئے اب ایک فلم بھی تیار کر دی گئی ہے جسے ’’ہاٹ ٹیک‘‘ Hot Take کا نام دیا گیا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق دونوں اداکاروں کے درمیان چلنے والے ٹرائل پر فاکس نیٹورک کی سٹریمنگ ویب سائٹ ’ٹیوبی سٹریمنگ سروس‘ کی جانب سے فلم بنائی گئی ہے۔ ’’ہاٹ ٹیک‘‘ میں جونی ڈیپ کا کردار مارک ہپکا جب کہ امبر ہرڈ کا کردار میگن ڈیوس ادا کرتی دکھائی دیں گی، فلم کی کہانی گے نکولوشی نے لکھی ہے اور اس کی ہدایات سرا لوہمن نے دی ہیں اور اسے رواں ماہ ستمبر کے اختتام پر سٹریمنگ ویب سائٹ ’ٹیوبی‘ پر ریلیز کیا جائے گا، جہاں شائقین اسے مفت میں دیکھ سکیں گے۔

’’ہاٹ ٹیک‘‘ کی کہانی امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان چلنے والے ٹرائل کے کرد گھومتی ہے، اس میں عدالتوں کی سماعتیں دکھانے کے علاوہ ٹرائل کے دوران اداکاروں کے ساتھ ہونے والے واقعات کو بھی دکھایا جائے گا۔ ممکنہ طور پر فلم میں پس منظر کے طور پر دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہونے، شادی ہونے اور پھر تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد طلاق اور پھر ایک دوسرے پر تضحیک اور تشدد کے الزامات کو بھی دکھایا جائے گا۔

فلم میں امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے وکلا کے کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر فلم میں امبر ہرڈ کے مبینہ بوائے فرینڈز کو بھی شامل کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔’’ہاٹ ٹیک‘‘ کو دونوں کے ٹرائل کے ختم ہونے کے محض تین ماہ بعد ہی ریلیز کیا جا رہا ہے، امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے ٹرائل کا فیصلہ یکم جون کو سنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ عدالت نے طویل سماعت کے بعد جونی ڈیپ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار نے اپنے خلاف تمام شواہد پیش کیے اور ثابت کیا کہ امبر ہرڈ نے ان کی توہین اور بدنامی کی، ہتک عزت کے دعوے کے تحت امبر ہرڈ پر ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا، تاہم جونی ڈیپ پر بھی 15 سے 20 لاکھ تک جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اس کیس میں جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ کے خلاف 5 کروڑ جب کہ امبر ہرڈ نے بھی سابق شوہر کے خلاف 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا تھا، فیصلے کے خلاف امبر ہرڈ نے نظرثانی کی درخواست بھی دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔

Related Articles

Back to top button