رائما خان، فواد خان کیساتھ کاسٹ ہونے کیلئے بےقرار کیوں؟

اداکارہ رائما خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکار فواد خان کے ساتھ کاسٹ ہونے کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہی ہیں، اداکارہ اپنے نئے ڈرامے کابی پلائو کی وجہ سے آج کل سکرین پر کم ہی دکھائی دے رہی ہیں۔انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں رائما خان نے اس ڈرامے میں اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بے اولاد خاتون کا کردار ادا کرتے ہوئے تکلیف ہوئی اور اس تکلیف سے کئی خواتین کو حقیقی زندگی میں گزرنا پڑتا ہے، رائما اس ڈرامے میں چھمو نامی کردار ادا کر رہی ہیں اور ناظرین شدت سے اس ڈرامے کی اگلی قسط کے منتظر رہتے ہیں، اس کی وجہ ہے ڈرامے کا منفرد موضوع اور اس کی کاسٹ کی شاندار ایکٹنگ ہے۔رائما کے مطابق ’’چھمو‘‘ ایک ایسا کردار ہے جس نے اس ڈرامے میں بے اولاد عورت کا کردار ادا کیا ہے، یہ ایک ایسا کردار تھا جو معاشرے کی تلخ حقیقت کو بیاں کر رہا ہے کہ کس طرح ایک عورت معاشرے میں اولاد نہ ہونے کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا کرتی ہے اور پھر اسے جانے انجانے میں یہ باور کروایا جاتا ہے کہ یہ اس کا قصور ہے۔ڈارامے میں چھمو کے شوہر غفار کا کردار ادا کر رہے ہیں، اداکار ثاقب سمیر جو اپنی بیوی کو ماں نہ بننے پر جلی کٹی سناتے دیکھے جاتے ہیں، رائما کا کہنا ہے کہ ماں نہ بننے پر کس طرح عورت کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس ڈرامے کی کہانی اسی کے ارد گرد گھومتی ہے۔رائما خان نے ڈرامے میں کیے جانے والے کردار پر اپنی ذاتی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اولاد ہونا نہ ہونا اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن ہمارے معاشرے میں لوگ شادی کے بعد بس یہی سوال کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ ’کب خوش خبری سنا رہی ہو، کب آئے گا ننھا مہمان، اتنا ٹائم تو ہو گیا بچے کا نہیں سوچا۔رائما کے مطابق اس قسم کے سوالات عورت کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیتے ہیں اور لوگ سوال کرنے سے پہلے سوچتے بھی نہیں، کچھ ڈرامے حقیقت کے قریب ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر لوگ ان کی کہانی اپنی زندگی سے جوڑ رہے ہوتے ہیں، چھمو کا کردار بھی ایسا ہی ہے، اس سوال پر رائما کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں انہی اداکاروں کو انڈسڑی میں جگہ ملتی ہے جو مشہور ہیں، نئے لوگوں کا انڈسٹری میں جگہ بنانا بہت مشکل ہے اور یہ میرا ذاتی تجربہ ہے، میں فواد خان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں اگر کوئی سن رہا ہے تو مجھے فواد خان کے ساتھ کاسٹ کر لے، اب تک ’کابلی پلاؤ‘ ڈرامے کی دس اقساط نشر ہو چکی ہیں لیکن رائما کے مطابق ’چھمو‘ کی زندگی میں ابھی بہت کچھ ہونا باقی ہے اور اس ڈرامے میں ابھی بہت موڑ ہیں۔