سجل علی محترمہ فاطمہ جناح کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار

معروف اداکارہ سجل علی جلد ہی تین سیزنز پر مبنی ایک منفرد سیریز میں فاطمہ جناح کے روپ میں دکھائی دیں گی، اس سیریز کی پہلی قسط 14 اگست کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔ دانیال افضال کی لکھی ہوئی کہانی اور ان ہی کی ہدایت کردہ سیریز میں سجل علی کے علاوہ مزید دو اداکارائیں بھی فاطمہ جناح کا کردار ادا کریں گی اور سیریز کی کہانی مادر ملت کے گرد ہی گھومے گی۔
ڈراما ساز نے بتایا کہ ’’مادر ملت‘‘ کی زندگی پر بنائی جانے والی سیریز میں سجل علی کے علاوہ سندس فرحان اور سامعہ ممتاز بھی فاطمہ جناح کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
ویب سیریز کی کہانی فاطمہ جناح کی زندگی پر مبنی ہے، تاہم اس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے سیاسی حالات اور فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی بھی دکھائی جائے گی۔ تین سیزنز پر مشتمل سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا اور پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی دکھائی جائے گی، جس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے حالات بھی دکھائے جائیں گے۔
پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کا کردار اداکارہ سندس فرحان ادا کریں گی جب کہ دوسرے سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا روپ دھاریں گی۔سیریز کے دوسرے سیزن میں تحریک آزادی، تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان کے واقعات دکھائے جائیں گے اور اس سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی۔
ڈراما ساز کے مطابق سیریز کا دوسرا سیزن سب سے اہم ہے، تاہم اس کے تمام سیزن ہی شاندار ہوں گے اور شائقین پہلی بار ایک منفرد کہانی کو سکرین پر دیکھیں گے۔
دانیال افضال کے مطابق سیریز کے آخری سیزن میں پاکستان کے بننے اور فاطمہ جناح کی وفات تک کے مناظر دکھائے جائیں گے۔ اس سیزن میں سامعہ ممتاز ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی، سیریز میں سجل علی پچاس سالہ فاطمہ جناح کامکردسر ادا کریں گی جبکہ سامعہ ممتاز 70 سالہ مادر ملت کا روپ دھاریں گی۔ ڈرامے کی کاسٹ میں دیگر اداکار بھی شامل ہیں اور اسے ابتدائی طور پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اسے کسی ٹی وی چینل پر بھی ریلیز کیا جا سکتا ہے۔
ڈرامے کے ہدایت کار کے مطابق انہوں نے ’اور سٹوڈیو‘ کے بینر تلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے لیے یہ ڈرامہ سیریز تیار کی ہے۔

Related Articles

Back to top button