سشمیتا نے لمبی بریک کے بعد شوبز میں واپسی کیسے کی؟

بھارتی فلمسٹار سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ فلمی دنیا سے لمبی بریک لینے کے بعد شوبز میں واپسی کے لیے انھوں نے باقاعدہ فون فہم شروع کی، اور لوگوں سے کام کی درخواست کی۔’’مڈ ڈے‘‘ اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں سشمیتا سین نے بتایا کہ جب وہ شوبز میں واپسی اور اداکاری میں واپس آنا چاہتی تھیں تو انہوں نے فون اٹھانے اور لوگوں سے کام مانگنے سے شرم محسوس نہیں کی، اداکارہ کے مطابق انہوں نے نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس ہاٹ سٹار جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے سربراہوں کو فون کیا کہ وہ ایک اداکارہ ہیں، اور سکرین پر واپس آنا چاہتی ہیں، سشمیتا نے بتایا کہ میں نے نیٹ فلکس، ایمیزون پرائم ویڈیو، اور ہاٹ سٹار کے سربراہوں کو فون کیا اور میں نے کہا میرا نام سشمیتا سین ہے، میں ایک اداکارہ ہوں، میں کام کرنا چاہتی ہوں، فلم ’’تالی‘‘ میں سشمیتا سین کو ٹرانسجینڈر گوری ساونت کے کردار میں دکھایا گیا تھا اور اس فلم کو کافی پذیرائی ملی تھی۔انہوں نے کہا کہ وہ ’تالی‘ میں کام نہیں کرنا چاہتی تھیں جب تک کہ انہیں یہ معلوم نہ ہو گیا کہ خود گوری ساونت ہی چاہتی تھیں کہ سشمیتا اس کردار کو ادا کریں۔ اپنے آٹھ سالہ وقفے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ایک بہتر اداکارہ بننے کے لیے زندگی کا مشاہدہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔سشمیتا نے اداکاری سے طویل وقفے کے بعد 2020 میں اپنی ڈیجیٹل ڈیبیو ’آریہ‘ کے ساتھ واپسی کی۔ رام مادھوانی کی ہدایت کاری میں بننے والے شو سے پہلے سشمیتا کو کچھ چھوٹی کامیڈی فلموں جیسے ’’دلہا مل گیا‘‘ اور ’’نو پرابلم‘‘ میں دیکھا گیا تھا۔ ’’فالتو‘‘ میں ان کا ایک کیمیو بھی تھا۔ بریک سے پہلے ان کی 2015 کی بنگالی ’نرباک‘ آخری فلم تھی۔ہندوستان ٹائمز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سشمیتا نے اس سال کے شروع میں اپنی واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے ایک نئے آنے والے کی طرح محسوس کیا، 14 گھنٹے کی ورکشاپس میں شرکت کرنا اور دیر سے گھر آنے کو میں نے پسند کیا، مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنے دل کی بات سنی، چاہے اس کا مطلب فلموں سے دوری ہی کیوں نہ تھی۔