سلمان خان کی ’’بجرنگی بھائی جان 2‘‘ بنانے کی تیاری


بھارتی سپر سٹار سلمان خان کی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، فلم کا سکرپٹ بھی مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ اس میں 10 سال آگے کی منظر کشی کی جائے گی۔ سلمان خان کی مشہور فلم بجرنگی بھائی جان کے مصنف کے وی وجیاندرا پراساد نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ بجرنگی بھائی جان 2 کے سکرپٹ کا بنیادی کام تیار ہے۔ مصنف نے بتایا کہ فلم کے سیکوئل کی سٹوری سلمان خان کو سنا دی گئی ہے جو انہیں بے حد پسند آئی ہے، یہ فلم اپنے پہلے حصے کا تسلسل ہو گی اور اس میں آٹھ سے 10 برس آگے کا منظر نامہ دکھایا جائیگا۔ تاہم فلم کی شوٹنگ کب شروع ہوگی یہ سلمان خان ہی بتائیں گے، فلم کے رائٹر وی وجیاندرا پراساد نے اُمید ظاہر کی ہے کہ بجرنگی بھائی جان کا سیکوئل پہلے حصے سے کسی بھی طرح کمتر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ بجرنگی بھائی جان فلم کی کہانی ایک ایسی پاکستانی بچی کے گرد گھومتی ہے جوکہ بھارت میں اپنی ماں سے بچھڑ جاتی ہے، بھارت میں سلمان کا خاندان جوکہ بجرنگی بھائی جان کا کردار ادا کر رہے ہیں، بچی کو پاکستان واپس لانے کا وعدہ کرتا ہے۔ فلم میں سلمان خان پاکستانی بچی کو اس کے خاندان کے حوالے کرنے کے مشن پر مامور دکھایا گیا ہے جس کے دوران وہ پاک بھارت لائن آف کنٹرول کراس کرتا ہے، اور پھر پاکستانی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستانی بچی کو اس کے خاندان کے حوالے کرتا ہے۔ فلم میں پاکستانی بچی ’’منی‘‘ کا کردار ادا کرنے والی ہرشالی ملہوترا کو بہترین اداکاری پر نیشنل ایوارڈ ’’بھارت رگن ڈاکٹر امبیڈکر ایوارڈ‘‘ سے بھی نوازا گیا تھا، اس موقع پر ہرشالی نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے سلمان خان اور فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایوارڈ دونوں کے نام کر دیا تھا۔

Related Articles

Back to top button