’’شاہ رخ کی رواں برس تیسری فلم دھوم مچانے کیلئے تیار‘‘

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی رواں برس تیسری فلم ’’ڈنکی‘‘ بھارتی سینما سکرینوں پر دھوم مچانے کیلئے تیار ہے، جس کا ٹریلر بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔’’ڈنکی‘‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ تاپسی پنو، بمن ایرانی اور وکی کوشل اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں، امکان ہے کہ فلم میں اداکار دھرمیندر ، ستین شاہ اور دیا مرزا بھی نظر آئیں گی، فلم کی ہدایات منا بھائی ایم بی بی ایس، پی کے، سنجو اور تھری ایڈیٹس کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی نے دی ہیں جبکہ اسے شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا۔’’ڈنکی‘‘ کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی نظر آتی ہے جو اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک جانے کا خواب دیکھتے ہیں، شاہ رخ خان نے جمعرات کو ٹریلر کا ڈراپ ون یعنی پہلا حصہ جاری کیا ہے جس سے اندازہ ہو رہا ہے کہ ٹریلر کا دوسرا حصہ بھی ریلیز کیا جائے گا۔ٹیزر میں شاہ رخ خان ایک نئے انداز میں نظر آ رہے ہیں جس میں وہ ایک ایسے نوجوان کا کردار ادا کر رہے ہیں جو آگے جا کر ڈنکی کے شعبے سے وابستہ ہو جاتا ہے۔ یعنی وہ غیر قانونی طور پر لوگوں کو بیرون ملک لے جانے کا پیشہ اختیار کر لیتا ہے۔’ڈنکی’ رواں برس دسمبر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز ہوگی، اس فلم کا مقابلہ باکس آفس پر اداکار پربھاس کی فلم ‘سالار ‘سے ہونے کا امکان ہے، وہ بھی دسمبر کے آخر میں ریلیز ہو گی۔راج کمار ہیرانی نے ‘ڈنکی’ کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اس فلم سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، فلم ‘ڈنکی’ کے ٹیزر کو شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ کسی نے اسے بلاک بسٹر قرار دیا تو کسی کے خیال میں یہ راج کمار ہیرانی کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوگی۔آکاش ونی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر فلم کے ٹریلر پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ باکس آفس پر ریکارڈ برنس کرے گی، ایک صارف نے کہا کہ یہ ایک ماسٹرپیس ثابت ہوگی جسے شائقین بار بار دیکھنے سنیما جائیں گے۔فلمی تجزیہ کار سمیت کادل سمجھتے ہیں کہ شاہ رخ خان اور ڈنکی کی سٹار کاسٹ کا راج کمار ہیرانی کی ہدایات میں کام کرنا اور اصل واقعات کو سامنے رکھ کر دوستی اور محبت کی داستان پیش کرنا اس کی کامیابی کی ضمانت ہے، شاہ رخ خان کے ایک مداح نے فلم کی کاسٹ کو سراہا، ڈنکی کی شوٹنگ بھارت کے علاوہ سعودی عرب کے شہر جدہ اور نیوم، لندن اور بُداپسٹ میں ہوئی ہے، یاد رہے کہ اس سال شاہ رخ خان کی دو فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔ دونوں ہی فلموں جوان اور پٹھان نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا۔