شاہ رخ کی نئی فلم ’’ڈنکی‘‘ نے پہلے روز کتنے کروڑ کمائے؟

بالی ووڈ کنگ خان کی رواں برس دو سپر ہٹ فلموں ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ کے بعد سال کے اختتام پر ایک اور نئی فلم ’’ڈنکی‘‘ میدان میں آ گئی ہے، فلم کو بھارت بھر میں ریلیز کر دیا گیا ہے لیکن پہلے روز فلم خاطر خواہ کمائی کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی لیکن گمان کیا جا رہا ہے کہ فلم پہلے روز 40 کروڑ تک کما لے گی۔رواں برس شاہ رخ خان کی یہ تیسری فلم ہے اور پہلی بار وہ فلم ساز راج کمار ہیرانی کے ہمراہ ’ڈنکی‘ میں کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں، رواں سال شاہ رخ خان کی پہلی فلم ’پٹھان‘ کو 25 جنوری، ان کی دوسری فلم ’جوان‘ کو 7 ستمبر جبکہ اب تیسری فلم ’’ڈنکی‘‘ کو 21 دسمبر کو ریلیز کیا گیا ہے۔حیران کن طور پر شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ نے کمائی کے نئے ریکارڈز بناتے ہوئے بالی وڈ کی تمام فلموں کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا تھا اور اس وقت اس کی کمائی 644 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے اگرچہ کمائی کے حوالے سے دوسرے نمبر پر شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ تھی لیکن رواں ماہ دسمبر کے شروع میں ریلیز ہونے والی رنبیر کپور اور بوبی دیول کی فلم ’اینیمل‘ نے ریکارڈ کمائی کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔اس وقت شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کمائی کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے اور اب خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ان کی فلم ’ڈنکی‘ کمائی کے نئے ریکارڈز بنائے گی لیکن اب تک کی اطلاعات کے مطابق فلم کا پہلا دن کمائی کے حوالے سے زیادہ بہتر نہیں رہا۔شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ ’ڈنکی‘ ریلیز کے پہلے ہی دن یعنی 21 دسمبر کو زیادہ سے زیادہ 40 کروڑ روپے کمائے گی جوکہ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کی پہلے دن کی کمائی کا نصف ہے، شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ نے پہلے دن 75 کروڑ روپے جبکہ ’پٹھان‘ نے پہلے دن 57 کروڑ اور رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ نے پہلے دن 63 کروڑ روپے کمائے تھے۔ڈنکی کی کہانی پانچ دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو بھارت سے پیسے کمانے کی غرض سے لندن منتقل ہونا چاہتے ہیں اور وہ کسی نہ کسی طرح اپنی کوششوں میں کامیاب بھی ہو جاتے ہیں، فلم کی ہدایات راج کمار ہیرانی نے دی ہیں اور انہوں نے ہی اس کی کہانی لکھی ہے جبکہ وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں، شاہ رخ خان کے ہمراہ انہوں نے پہلی بار کام کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button