شعیب ملک اور ثانیہ مرزا میں علیحدگی کی افواہیں


بھارت اور پاکستان کی مقبول جوڑی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی افواہیں زور پکڑنے لگی ہیں، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ثانیہ نے شعیب سے طلاق لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بھارتی ٹی وی ’زی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آ پائی تاہم دونوں کے قریبی دوستوں کے مطابق ثانیہ اور شعیب نے علیحدگی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور اب صرف کاغذی کارروائی مکمل ہونا باقی ہے۔

ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اس وقت دبئی میں مقیم ہیں جبکہ شعیب ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے نجی اسپورٹس چینل کے ساتھ پروگرام کر رہے ہیں، حال ہی میں ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ ’انسٹا گرام‘ پر اپنے بیٹے کے ساتھ تصویر پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ ’وہ لمحات جو مشکل ترین دنوں میں میرا ساتھ دیتے ہیں، اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کی علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔

بھارٹی میڈیا کے مطابق پاکستان میں شعیب ملک کے مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کے ایک رکن نے بھی تصدیق کی کہ دونوں کے درمیان باضابطہ طور پر علیحدگی ہوچکی ہے اور اب صرف اعلان ہونا باقی ہے، انہوں نے کہا کہ میں مزید تفصیلات نہیں بتانا چاہتا لیکن یہ تصدیق کر سکتا ہوں کہ دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔

یہ خبر بھی سامنے آئی کہ ثانیہ مرزا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شعیب ملک کی تصاویر بھی ڈیلیٹ ہوچکی ہیں، تاہم ان کے اکاؤنٹ میں ایک دو تصاویر ابھی موجود ہیں، کچھ روز پہلے ثانیہ مرزا نے ایک انسٹاگرام سٹوری پوسٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ ’ٹوٹے ہوئے دل جائیں کہاں؟ ثانیہ مرزا کی یہ سٹوری بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی۔حال ہی میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک اپنے بیٹے ازہان ملک کی سالگرہ کے موقع پر ایک ساتھ موجود تھے، اپنے بیٹے کی سالگرہ کے لیے شعیب ملک پاکستان سے دبئی پہنچے تھے، اور اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں لیکن اُس وقت دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش نہیں کر رہی تھیں۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے تھے۔شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔اس کے علاوہ 6 دسمبر 2021 میں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ شعیب ملک نے دبئی میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ دونوں جلد ہی ایک ٹاک شو شروع کرنے جا رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button