شہباز شریف بھارتی اداکارہ کنگنا راوت کے مداح نکلے


بالی ووڈ کی مقبول لیکن متنازعہ ترین اداکارہ کنگنا رناوٹ بھارتی سیاستدانوں میں تو اپنی پہچان رکھتی ہی ہیں لیکن اب انکی مقبولیت پاکستانی سیاست دانوں میں بھی خوب بڑھ گئی ہے، جی ہاں! بھارتی اداکارہ نے حال ہی میں انسٹا گرام پر سکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اداکارہ کیلئے تعریفی کلمات تحریر کیے ہیں۔ بھارتی اداکارہ کی جانب سے انسٹا گرام پر شیئر کیے گئے پیغام میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کی صلاحیتوں کو خاصا سراہا گیا ہے اور ان کی آنے والی فلم ’’دھاکڑ‘‘ میں ان کی بہترین کارکردگی کے لئے تعریفی کلمات بھی کہے گئے ہیں۔

یہاں قابلِ غور بات یہ ہے کہ کیا واقعی مشکل ترین سیاسی اور معاشی ملکی صورت حال سے نبردآزما وزیر اعظم پاکستان کے پاس اتنی فرصت ہے کہ وہ بھارتی اداکارہ کی پرفارمنس دیکھ کر پھر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کے لئے تعریفی کلمات بھی کہیں؟ تاہم اگر اس ٹوئٹ پر غور کیا جائے تو شہباز شریف کے نام سے اس مصدقہ اکاؤنٹ کا ہینڈل ‘رمیز راجہ لائیو’ دیکھ کر اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ یہ ایک فیک اکاؤنٹ ہے، مزید تسلی ڈیجیٹل میڈیا کے لیے وزیراعظم کے فوکل پرسن ابوبکرعمرکی ٹوئٹ سے ہوئی جب فوکل پرسن کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ کنگنا کے سکرین شاٹ میں نظرآنے والا یہ جعلی اکاؤنٹ ہے نہ کہ اصلی۔ وزیراعظم کے نام سے منسوب کیا جانے والا یہ جعلی اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے جبکہ شہباز شریف کے فوکل پرسن ابوبکر نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنانے والے ’رمیز راجہ لائیو‘ نامی ٹوئٹر صارف کو ٹریس کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی جماعت اور بھارتی وزیراعظم مودی کی حمایت پر اداکارہ کنگا رناوٹ تنقید کی زد میں رہ چکی ہیں، اور حکمران جماعت کی حامی سمجھی جاتی ہیں، اداکارہ کی جانب سے ہمیشہ بھارتی وزیراعظم مودی کے اقدامات کی حمایت کی گئی ہے۔ ایسے میں بہت سارے سوشل میڈیا صارفین کے لیے شہباز شریف کی جانب سے کنگنا راوت کے لیے تعریفی کلمات حیران کن تھے۔ یاد رہے کہ کنگنا راناوت کو بھارتی کی متنازعہ ترین اداکارہ قرار دیا جاتا ہے جس کی بنیادی وجہ ان کا منھ پھٹ ہونا ہے۔

Related Articles

Back to top button