شہروز سبزواری کو گورا کرنے کے لیے صدف کنول کیا کرتی ہیں؟

ماضی کے معروف اداکار بہروز سبزواری کے صاحبزادے اداکار شہروز سبزواری نے اپنے پرکشش نظر آنے کا سارا کریڈٹ اہلیہ صدف کنول کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے صدف میری زندگی میں آئی ہیں، میں اور بھی گورا اور خوبصورت نظر آنے لگا ہوں۔
حال ہی میں شہروز سبزواری نے پوڈکاسٹ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ڈراموں اور شوبز مصروفیات سمیت اپنی فٹنیس پر کھل کر باتیں کی۔ پروگرام کے دوران شہروز سبزواری نے فٹنس کے حوالے سے بتایا کہ اب میٹھا کھانا بلکل بند کر دیا ہے، جس وجہ سے ان کی فٹنیس بہتر ہوئی ہے، ان کے مطابق وہ بچپن سے ہی زیادہ میٹھے کھانے کے شوقین تھے مگر اب کچھ عرصے سے میٹھا کھانا صرف ہفتے میں ایک دن تک محدود کر دیا ہے۔
اپنی خوبصورتی، گوری رنگت اور پرکشش شخصیت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر شہروز سبزواری نے بتایا کہ ان کی گوری رنگت اور پرکشش شخصیت کے پیچھے ان کی اہلیہ صدف کنول کا ہاتھ ہے، انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب سے انہیں صدف ملی ہے، تب سے وہ نکھر گئے ہیں اور ان کی رنگت گوری ہونے سمیت ان کی شخصیت پرکشش ہوگئی ہے اور اُن تمام باتوں کا کریڈٹ ان کی اہلیہ کو جاتا ہے۔ اداکار نے مزید کہا کہ ان کے ڈراموں کی ڈریسنگ اور ڈائیلاگ ڈیلیوری سے لے کر سوشل میڈیا پوسٹس تک کے تمام معاملات صدف کنول ہی دیکھتی ہیں، وہ ہی انہیں ہدایات دیتیں اور سمجھاتی ہیں، جس وجہ سے ان میں بہتری آئی ہے۔
خیال رہے کہ شہروز سبزواری اور صدف کنول نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل اداکار کی پہلی شادی سائرہ یوسف سے تھی، جن سے انہیں ایک بیٹی بھی ہے، سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد مارچ 2020 میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔ اب خبریں ہیں کہ شہروز سبزواری کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور ان کی اہلیہ صدف کنول اُمید سے ہیں، جس کی تصدیق بہروز سبزواری نے بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ شہروز سبزواری ڈرامہ سیریل انا، ونی، ممتا، کراچی ہائی، بدتمیز، پارسا، کیا دل نے کہا، درد آشنا، بھول، آہستہ آہستہ، شریک حیات، کھٹا، دیوانہ، پشیمان، شکوہ نہیں کسی سے، تیری رضا، زرد زمانوں کا سویراہ سمیت متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کو منوا چکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button