عالیہ بھٹ کا ’’سٹار کڈ‘‘ سے ’’کامیاب بزنس وومن‘‘ تک کا سفر


دس سال قبل 2012 میں فلم ’’سٹوڈنٹ آف دی اِیئر‘‘ بطور ’’سٹارکڈ‘‘ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی عالیہ بھٹ کو اپنی اداکاری پر کافی منفی رائے ملی، پھر 2014 میں انکی فلم ’’ہائی وے‘‘ ان کی پہلی فلم کے صرف دو سال بعد ریلیز ہوئی ۔ ’’ہائی وے‘‘ میں نامعلوم راستوں پر چلنے کا حوصلہ دکھانے والی عالیہ آج انڈین فلم انڈسٹری کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں اور اب فلم ’’ڈارلنگز‘‘ سے وہ پروڈیوسر بھی بن گئی ہیں، اب تک عالیہ نے چار فلم فیئر ایوارڈز جیتے ہیں، وہ فوربز انڈیا 100 کی فہرست میں شامل ہیں اور بچوں کے لباس کی ایک کمپنی کے ساتھ کاروباری خاتون بھی ہیں۔

29 سالہ عالیہ کے ساتھ ’ڈارلنگز‘ میں کام کرنے والی اداکارہ شیفالی شاہ کہتی ہیں کہ جب میں نے عالیہ کے ساتھ کام کیا تو میں حیران تھی کہ وہ کتنی تجربہ کار ہے اور اپنے کام میں کتنی حیرت انگیز ہے۔ عالیہ کی جرمن جڑوں کے بارے میں مہیش بھٹ نے لکھا کہ ’درخت کی شاخوں کی طرح ہم انسان مختلف سمتوں میں اُگتے ہیں، پھر بھی جڑیں ایک جیسی رہتی ہیں، عالیہ آپ کی فلمیں ’ہائی وے‘ اور ’گلی بوائے‘ برلن فلم فیسٹیول میں گئیں، وہی جرمنی جہاں آپ کی نانی کی پیدائش ہوئی تھی۔

اگر آپ اس سفر کو دیکھیں تو عالیہ نے ابتدائی دنوں میں ’ٹو سٹیٹس‘ اور ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ میں ایک شہری لڑکی کا کردار ادا کیا۔ پھر 2016 میں جب ناظرین نے انھیں ’اڑتا پنجاب‘ میں ایک غریب بہاری مہاجر لڑکی کے کردار میں دیکھا تو یقین نہیں کر پائے، بھوج پوری میں جب وہ کہتی ہیں کہ ’میں راستہ بھول کر آئی ہوں، میری کہانی سنیں گے تو آپ حیران ہو جائیں گے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ صحیح میں بہار سے پنجاب کے کھیتوں میں کام کرنے آئی ہیں۔

مختلف قسم کے کرداروں کی بات کی جائے تو ’گلی بوائے‘ میں عالیہ نے ممبئی کے دھاراوی کی کچی آبادی میں رہنے والی سفینہ کا کردار ادا کیا ہے، جسے خود پر اعتماد ہے لیکن تھوڑی سی سرپھری ہے۔ ایس راجامولی کی ‘RRR’ جیسی بلاک بسٹر فلم میں عالیہ کا چھوٹا کردار ظاہر کرتا ہے کہ ان کی اداکاری کے ساتھ ان کی مقبولیت کا فائدہ اس پین انڈیا لیول کی فلم کو بھی ہوا۔ یہ صرف اداکاری کی مہارت کی بات نہیں ہے کیونکہ یہ فلمی دنیا باکس آفس کی کمائی پر چلتی ہے، عالیہ نے بھی اس کسوٹی پر خود کو ثابت کیا ہے۔ اشتہارات کی بات کریں تو عالیہ فلپس، فروٹی، فلپ کارٹ، مانیور، میک مائی ٹرپ، کوکا کولا، لکس جیسے کئی بڑے برانڈز کا چہرہ رہی ہیں یا اب بھی ہیں۔ 2014 سے، وہ فوربز انڈیا 100 کی فہرست میں شامل ہیں، 2019 میں وہ فوربز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر تھیں اور 2019 میں ان کی کمائی 59.12 کروڑ دکھائی گئی۔ 2021 میں ڈف اینڈ فیلپس سیلیبریٹی برانڈ ویلیویشن رپورٹ کے مطابق، عالیہ کی برانڈ ویلیو کا تخمینہ تقریباً 681 ملین ڈالر ہے۔

عالیہ کے انسٹاگرام پر 69.5 ملین، ٹویٹر پر 21.5 ملین اور فیس بک پر 84 ملین فالوورز ہیں، عالیہ سوشل میڈیا پر اپنی مصنوعات سے زیادہ اپنی فلموں یا اپنی ذاتی زندگی کے لمحات سے متعلق پوسٹس شیئر کرتی ہیں، عالیہ سوشل میڈیا کی اس ورچوئل دنیا میں مختلف قسم کے جذبات لے کر آتی ہیں۔ عالیہ نے 2022 میں رنبیر کپور سے شادی کی اور اب وہ جلد ہی ماں بننے والی ہیں، اس طرح عالیہ، کترینہ، انوشکا اور دیپیکا اور دیگر ہندی فلموں کی اداکاراؤں سے جڑے دقیانوسی تصورات کو اپنے اپنے طریقے سے توڑ رہی ہیں۔

Related Articles

Back to top button