علی سیٹھی کی ’’پسوڑی‘‘ کے لیے مقبولیت کا ایک اور اعزاز

کوک سٹوڈیو کے مشہور گانے ’’پسوڑی‘‘ نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے معروف آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر 30 کروڑ سے زائد ویوز حاصل کر لیے ہیں۔
معروف گلوکار علی سیٹھی اور شائے گِل کی آواز میں اس گانے کو 7 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا، انسٹاگرام پر علی سیٹھی نے گانے کی 30 کروڑ ویوز پورے ہونے پر ایک پوسٹ کی اور لکھا، ’300 ملین‘۔
یاد رہے کہ پسوڑی گانے نے اتنی مقبولیت حاصل کی ہے کہ اس کے ری میکس کو بھی یوٹیوب پر کروڑوں بار دیکھا گیا ہے، پسوڑی گانے نے جہاں یوٹیوب پر دھوم مچائی ہے وہیں رواں سال ریلیز ہونے والی مارول سیریز ’مس مارول‘ میں بھی اس گانے کو شامل کیا گیا تھا۔ دنیا بھر کے عوامی مقامات پر یہ گانا سنا جا رہا ہے جبکہ میوزک سٹریمنگ پلیٹ فارم سپاٹی فائی پر یہ گانا 11 کروڑ سے زائد بار سنا جا چکا ہے، پسوڑی گانے کے 300 ملین ویوز پورے ہونے پر علی سیٹھی کی انسٹاگرام پوسٹ پر صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
عرفان خان کہتے ہیں کہ آپ کی موسیقی کی وجہ سے یہ ہوا ہے، وسن دھرا لکھتی ہیں کہ یہ گانا ہر قسم کے پیار کا حقدار ہے، آر جے کسنا نے لکھا ہے کہ ’یہ دھن سوار ہے اور رہے گی۔دیچن اینگمو نامی ایک صارف نے کہا ہے کہ مبارک ہو، کچھ نہ کچھ اس گانے کے بارے میں واقعی جادوئی ہے۔
شباہا علی کہتی ہیں کہ اب تو علی سیٹھی بھی اپنا ریکارڈ نہیں توڑ سکتے اور انھوں نے جو کلاس پسوڑی کی ترتیب دی ہے، یہ بہت اونچی ہے، یہ سب سے بہترین گانا ہے۔ واضح رہے کہ کوک سٹوڈیو پاکستان اب تک کا سب سے طویل عرصے تک چلنے والا موسیقی کا شو ہے جسے کوکا کولا نے بنایا ہے، اس میں ملک کے مشہور گلوکاروں کی جانب سے سٹوڈیو میں ریکارڈ کی گئی پرفارمنسز شامل ہوتی ہیں۔
اس موسیقی میں پاپ، روح کو چھو جانے والی قوالی سے لے کر ریپ گلوکاری ہوتی ہے جن میں بہت زیادہ لوک اور کلاسیکل موسیقی کا رنگ نمایاں ہوتا ہے، اس سیریز کو پاکستان میں آغاز سے ہی بہت زیادہ کامیابی حاصل ہوئی لیکن اس کے تخلیق کاروں کو جس چیز نے حیران کیا وہ انڈیا میں اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت تھی، دونوں ممالک میں طویل دشمنی مشترکہ تاریخ کے باوجود ثقافتی تبادلے کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرتی رہتی ہے۔

Related Articles

Back to top button