’’عمران اشرف کا بچوں کے حوالے سے پیغام سوشل میڈیا پر وائرل‘‘

دنیا نیوز کے معروف پروگرام ’’مذاق رات‘‘ کے میزبان عمران اشرف کا بچوں کو چھونے کے حوالے سے پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، ویڈیو کلپ میں عمران اشرف چھوٹی سے بچی کو چھونے سے قبل ان کی والدہ سے اجازت طلب کرتے ہیں، پاکستان میں اپنی جاندار اداکاری کی وجہ سے شہرت پانے والے عمران اشرف نے اپنی ویڈیو سے مداحوں کو ان کی تعریف کرنے پر مجبور کر دیا ہے، سوشل میڈیا پر 23 جنوری کو نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے ایک پروگرام ’’مذاق رات‘‘ کا ایک کلپ وائرل ہوا جس میں عمران اشرف نے ایک چھوٹی بچی کو چھونے سے قبل ان کی والدہ سے اجازت طلب کی۔ ویڈیو کلپ میں عمران اشرف سٹیج پر بیٹھے آڈیئنس میں سے ایک بچی کو اپنے پاس بیٹھنے کیلئے بلاتے ہیں، لیکن بچی کو ہاتھ لگانے سے پہلے انہوں نے آڈیئنس میں بیٹھی ان کی والدہ سے اس کی اجازت مانگی اور کہا کہ ’کیا میں چھو سکتا ہوں؟، اجازت ہے؟‘، جس پر بچی کی والدہ نے سر ہلاتے ہوئے انہیں اجازت دی، جس کے بعد عمران اشرف نے بچی کو ہاتھ لگایا اور اس سے اشعار بھی سنے، عمران اشرف نے انڈپینڈنٹ اردو سے اپنے اس عمل کی وضاحت کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ ’اجازت بہت ضروری ہے، عمران اشرف کے اس عمل نے کئی لوگوں کو متاثر کیا، جن میں ان کے ساتھی اداکار بھی شامل ہیں، جس کا اظہار انہوں نے ان انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹس کے ذریعے کیا، ماڈل و اداکار نادیہ حسین نے عمران اشرف کو دعائیں اور محبت کا پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایک بچی کو چھونے کی اجازت مانگنا کسی بھی پاکستانی مشہور شخصیت کی طرف سے بہترین عمل ہے، پاکستانی اداکار منیب بٹ نے بھی اس کلپ پر دل بنا کر عمران اشرف کو سراہا، اداکارہ سدرہ بتول نے لکھا کہ ’آپ نے جس طرح اس کی والدہ سے اجازت مانگی ہے وہ شیئر کرنے کے قابل ہے، انڈین اداکارہ ویبھا بھگت نے بھی ’بہت پیارا‘ کا کمنٹ کیا۔ ایک صارف نے انسٹا گرام پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھائی آپ کی عزت ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ میرے دل میں زیادہ ہو رہی ہے، آپ کمال انسان ہو، عمران اشرف کئی سالوں سے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا حصہ ہیں، لیکن 2019 میں ہم ٹی وی کے ڈرامے سیریل ’’رانجھا رانجھا‘‘ میں بھولے کے کردار سے ان کو ایک نئی پہچان ملی، اور اب بھی کئی مداح ان کو بھولے کے نام سے ہی یاد کرتے ہیں۔عمران اشرف اس وقت ہم ٹی وی کے ہی ایک اور ڈرامہ سیریل ’’نمک حرام‘‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button