فردوس جمال نے ہمایوں سعید کے مداح بیوقوف قراردے دئیے


سینئر اداکار فردوس جمال نے معروف اداکارہ ماہرہ خان کو زائد عمر اور ہیروئن کے لیے ان فٹ قرار دینے کے بعد اب اداکار ہمایوں سعید پر بھی تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نہ تو آواز اچھی ہے اور نہ ہی وہ اچھے کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم یہ بات کرتے ہوئے فردوس جمال بھول گئے کہ اس وقت ہمایوں سعید پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکار ہیں اور خواتین ان کی مردانہ آواز پر فریفتہ ہیں۔ فردوس جمال ماضی میں بھی مختلف فنکاروں کے حوالے سے اس طرح کے منفی بیانات دے چکے ہیں، انہوں نے سینئر اداکار نعمان اعجاز کو بھی بطور اداکار دس میں سے پانچ نمبر دیئے تھے۔ حال ہی میں فردوس جمال احمد بٹ کے ٹی وہ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اداکاروں بارے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے، ان سے پوچھا گیا کہ وہ فیصل قریشی، اعجاز اسلم، نعمان اعجاز، ہمایوں سعید اور سہیل احمد کو 10 میں سے کتنے نمبر دیں گے، جس پر انہوں نے سینئر اداکار سہیل احمد کو 12 نمبر دینے کا کہا۔

اسی طرح فردوس جمال نے کہا کہ نعمان اعجاز کو زیادہ سے زیادہ 5 نمبر ملنے چاہئیں جبکہ انہوں نے فیصل قریشی کو محض 4 نمبر دیئے، فردوس جمال نے اعجاز اسلم کو چار نمبر دیئے، تاہم باقی اداکاروں سے متعلق کوئی ریمارکس نہیں دیئے، فردوس جمال نے ہمایوں سعید کو ایک بھی نمبر نہیں دیا اور انہیں نمبر دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں رہنے دیں۔

سینئر اداکار نے ہمایوں سعید سے متعلق مزید کہا کہ ان کے پاس نہ تو اچھی آواز ہے اور نہ ہی وہ اداکاری کے دوران باڈی لینگویج بہتر بنا سکتے ہیں، ہمایوں سعید کے پاس اچھے کردار بھی نہیں، ہمایوں سعید کے حوالے سے فردوس جمال کے ریمارکس پر میزبان احمد بٹ نے انہیں بتایا کہ ان کی فلمیں باکس آفس پر بہت کامیاب جا رہی ہیں، وہ تو سپر اسٹار ہیں، جس پر سینئر اداکار نے کہا کہ لوگ بیوقوف بھی بن جاتے ہیں، فردوس جمال کے مطابق ہمایوں سعید کی فلمیں دیکھنے والے لوگ بے وقوف ہیں، تبھی وہ ان کی فلمیں دیکھتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button