فیروز خان نے طلاق کے بعد بچوں کی تحویل کا کیس کر دیا

معروف اداکارہ حمائمہ خان کے چھوٹے بھائی اداکار فیروز خان نے اپنی اہلیہ علیزے سے طلاق کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طلاق 3 ستمبر 2022 کو ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنے بچوں سلطان اور فاطمہ کی تحویل کے لیے گارڈین عدالت میں کیس دائر کر دیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی علیزے کی عزت کرتے ہیں کیونکہ وہ ان کے بچوں کی والدہ ہیں۔ فیروز خان نے بتایا کہ 21 ستمبر 2022 کو عدالت نے بچوں کی حوالگی کے کیس میں دونوں فریقین کو سنا اور مجھے اپنے بچوں سلطان اور فاطمہ کے ساتھ جج کی موجودگی میں آدھے گھنٹے تک وقت گزارنے کی اجازت دی۔ انہوں نے لکھا کہ اس کے بعد عدالت نے معاملے کی سماعت یکم اکتوبر 2022 تک ملتوی کر دی، جس میں ملاقات کے حقوق سے متعلق مزید کارروائی دوبارہ شروع ہوگی، اس کے تحت میں اپنے بچوں سے ملنا جاری رکھ سکتا ہوں۔ اداکار نے اپنی سابقہ اہلیہ کے حوالے سے لکھا کہ جہاں تک علیزے کا تعلق ہے، انہیں میری جانب سے مکمل احترام اور تعاون ملے گا کیونکہ وہ میرے بچوں کی ماں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور ذمہ دار شہری مجھے عدالت کے انصاف پر پورا بھروسہ ہے، میں اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں کیونکہ یہ کیس عدالت میں زیر التوا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے فیروز خان کی سابقہ اہلیہ بھی جسمانی اور نفسیاتی تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے اپنے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کر چکی ہیں۔انسٹاگرام پر جاری بیان میں علیزے سلطان نے کہا کہ ‘ہماری 4 سال کی شادی سراسر افراتفری کا شکار رہی اور اس عرصے میں مسلسل جسمانی اور نفسیاتی تشدد کے علاوہ اپنے شوہر کے ہاتھوں بلیک میلنگ، بے وفائی اور رسوائی بھی برداشت کرنا پڑی، بہت غور و فکر کے بعد میں اس افسوس ناک نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس ہولناک طریقے سے نہیں گزار سکتی’۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘میرے بچوں کی بہتری اور بھلائی نے اس فیصلے میں اہم کردار ادا کیا ہے، میں نہیں چاہتی کہ میرے بچوں کی پرورش اس گھٹن، غیر صحت مند اور پرتشدد ماحول میں ہو، مجھے ڈر ہے کہ ان کی ذہنی نشوونما اور زندگی کے بارے میں نکتہ نظر اس طرح کے پرتشدد ماحول کے سامنے منفی طور پر متاثر ہوگا’۔
یاد رہے کہ مارچ 2020 میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر کے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی کا اعلان کرنے والے فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں کافی عرصے سے وائرل ہو رہی تھیں۔ علیحدگی کی خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں میں ذاتی رنجش کے باعث کچھ عرصہ قبل ہی علیحدگی ہوگئی تھی۔ اس دوران فیروز خان نے ایک پروگرام میں اہلیہ سے علیحدگی اور ان سے تعلقات کشیدہ ہونے کے معاملے پر بات کرنے سے معذرت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اپنی نجی زندگی سے متعلق میڈیا پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔
اداکار فیروز خان اور علیزے سلطان کی شادی 2018 میں ہوئی تھی جس کے بعد 2019 میں اس جوڑے کے ہاں بیٹے سلطان خان اور رواں سال فروری میں بیٹی فاطمہ خان کی پیدائش ہوئی۔ خیال رہے کہ فیروز خان اور علیزے سلطان نے ارینج میرج کی تھی جو کامیاب نہ ہوسکی۔ فیروز خان نے شادی کے 2 سال بعد مارچ 2020 میں تبلیغی جماعت کے مولانا طارق جمیل کے ہاتھ پر بیعت کرنے کے بعد شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا مگر اب وہ دوبارہ اداکاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔