فیصل قریشی کا اپنی بنائی فلم کبھی ریلیز نہ کرنے کا اعلان

پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے اپنی بنائی ہوئی رومانوی فلم ’’سوری اے لو سٹوری‘‘ کو ریلیز کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ یہ فلم کبھی ریلیز نہیں کریں گے، فیصل قریشی نے اکتوبر 2018 میں ’’سوری اے لو سٹوری‘‘ کو بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اسے ہر حال میں 2019 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا مگر ایسا نہ ہو سکا تھا۔ بعد ازاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرونا کی وبا کے باعث ’’سوری اے لو اسٹوری‘‘ سمیت دیگر فلموں کی شوٹنگ اور ریلیز موخر کر دی گئی تھی۔ کرونا کیسز میں نمایاں کمی کے بعد اگرچہ متعدد دیگر پاکستانی فلموں کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور چند فلموں کو ریلیز بھی کر دیا گیا مگر فیصل قریشی نے اپنی رومانوی فلم کو ریلیز نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

فیصل قریشی نے فلم کے ہدایت کار سہیل جاوید کے ہمراہ انسٹا گرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں تصدیق کی کہ وہ اب اپنی فلم کو ریلیز نہیں کریں گے۔ویڈیو میں فیصل قریشی نے بتایا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ ان کے اور سہیل جاوید کے درمیان تنازعات ہیں تو وہ دیکھ لیں کہ ایسا نہیں اور ان کے درمیان کوئی اختلافات نہیں۔ اس ویڈیو میں بظاہر دونوں ایکدوسرے سے خوش دکھائی دیئے اور فیصل نے کسی شخصیت کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ بعض لوگ نہیں چاہتے تھے کہ ان کی فلم ریلیز ہو اور ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ اداکار نے کہا کہ بعض دوستوں نے بہت بری حرکتیں کیں اور پھر حالات بھی ناسازگار تھے، جس وجہ سے اب میں نےبفیصلہ کیا ہے کہ وہ فلم کبھی ریلیز نہیں کروں گا اور اسے ہمیشہ کے لیے بند کر رہا ہوں۔ ویڈیو کے دوران ہدایت کار سہیل جاوید نے بھی تصدیق کی کہ اب وہ فلم کو ریلیز نہیں کریں گے اور ان کے اس فیصلے سے وہ لوگ ضرور خوش ہوں گے جو چاہتے تھے کہ ’سوری اے لو اسٹوری‘ ریلیز نہ ہو، کسی بھی شخصیت کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ بعض لوگ ان کی راہ میں رکاوٹ تھے۔

فیصل قریشی اور سہیل جاوید نے عندیہ دیا کہ وہ جلد ہی دوسرے منصوبوں کے ساتھ مداحوں کے سامنے پیش ہوں گے، ویڈیو میں اداکار نے وعدہ کیا کہ وہ مداحوں کے لیے فلم کا پہلا اور آخری ٹریلر ضرور ریلیز کریں گے اور بعد ازاں فلم کا مختصر ٹریلر بھی ریلیز کیا۔اداکار کی جانب سے شیئر کیے گئے ٹریلر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی رومانس کے گرد گھومتی ہے، ٹریلر میں فیصل قریشی، آمنہ شیخ اور زاہد احمد کے علاوہ فریال محمود کے کرداروں کی جھلک بھی دکھائی گئی۔

Related Articles

Back to top button