لیڈی ڈیانا پر بنائی سیریز تنقید کی زد میں کیوں آ گئی

معروف سیریز ’’دی کرائون‘‘ کا پانچواں سیزن پاکستانیوں کیلئے اس حوالے سے دلچسپی کا باعث رہا کہ اس میں لیڈی ڈیانا کی زندگی کا وہ دور دکھایا گیا جب وہ پاکستانی کردار سے جڑی دکھائی دیں، دوسری وجہ اداکار ہمایوں سعید بھی تھے جنہوں نے لیڈی ڈیانا کے دوست ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کیا۔ لیکن مجموعی طور پر ناقدین کی جانب سے برطانوی شاہی خاندان کے رنگین مزاج کو روکھے انداز میں پیش کرنے پر ’’دی کرائون‘‘ کے پانچویں سیزن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ‘دی کراؤن’ سیزن 5 کا آغاز نوے کی دہائی کے آغاز میں برطانوی شاہی خاندان کے حالات واقعات کے گرد گھومتا ہے۔

یہ وہی دور ہے جس میں شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے درمیان پہلے علیحدگی اور پھر طلاق ہوئی تھی، جب کہ دونوں نے پہلی مرتبہ عوام کے سامنے آ کر اپنا دفاع کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس سیزن میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملکہ ایلزبتھ دوئم نے سال 1992 کو ‘ہوریبلس ایئر’ یعنی ایک بھیانک سال کیوں کہا تھا۔ تنازعات سے بھرے اس سیزن پر شائقین کا ملا جلا ردِ عمل دیکھنے میں آیا ہے۔کسی نے اسے ملکہ ایلزبتھ دوم کے انتقال کے فوراً بعد آنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا تو کسی نے اس میں دکھائے گئے واقعات پر اعتراض کیا جبکہ کچھ لوگوں کے لیے یہ سیزن تاریخی اعتبار سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
تاہم پاکستانی شائقین کو اس سیزن کا انتظار ہمایوں سعید کی وجہ سے تھا جس میں وہ لیڈی ڈیانا کے بوائے فرینڈ ڈاکٹر حسنات خان کے روپ میں نظر آئے۔’دی کراؤن ‘کا پانچواں سیزن لیڈی ڈیانا کے گرد گھومتا ہے جن کا کردار اداکارہ ایلزبتھ ڈیبیکی نے ادا کیا ہے۔ ‘دی کراؤن’ نیٹ فلکس کی مشہور ترین سیریز میں سے ایک ہے جس کے اب تک پانچ سیزن پلیٹ فارم کی زینت بن چکے ہیں۔ پہلا سیزن 2016 ، دوسرا 2017 جب کہ تیسرا 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا جن میں ملکہ ایلزبتھ دوم کی جوانی، شادی، تاج پوشی اور 70 کی دہائی تک ان کی زندگی کے اہم واقعات کی عکاسی کی گئی ہے۔ ہر سیزن دس دس اقساط پر مشتمل ہونے کی وجہ سے سیریز کو مختلف ادوار میں بانٹا گیا ہے۔

دی کراؤن’ کا چوتھا سیزن 2020 میں ریلیز ہوا تھا جو خاصا متنازع رہا لیکن سیزن فائیو میں شاہی خاندان کے ایسے تنازعات کو اسکرین پر پیش کیا گیا جن کی وجہ سے ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان تنازعات میں ملکہ برطانیہ کی ذاتی یاٹ ‘بریٹانیا ‘کی مرمت، برطانوی شاہی محل ونڈسر کاسل میں آتشزدگی اوراس کی مرمت کے سلسلے میں اٹھنے والے اخراجات پر عوام کا ردِعمل، ساتھ ہی پرنس چارلس سمیت ملکہ کی تمام اولادوں کی ازدواجی زندگی کے مسائل کو دکھایا گیا ہے۔

سیزن فائیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ لیڈی ڈیانا کا تہلکہ خیز ٹی وی انٹرویو کس طرح لیا گیا، کچھ ایسے رازوں سے بھی اس سیزن نے پردہ اٹھایا جن کے بارے میں عوام کو علم نہیں تھا، جیسے شہزادہ چارلس کا اپنی والدہ کے خلاف جانے کا ایجنڈا، دو الگ الگ وزرائے اعظم سے ملاقات اور ملکہ ایلزبتھ دوئم کا روسی صدر بورس یلسن سے ایسا مطالبہ جس نے انہیں حیران کردیا۔

‘دی کراؤن’ عوام میں مقبول ضرور ہے لیکن سیزن 5 کی ریلیز سے قبل اداکارہ ڈیم جوڈی ڈینچ اور سابق برطانوی وزیر اعظم سر جان میجر نے اس میں پیش کیے جانے والے واقعات کی ڈرامائی تشکیل کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ لیڈی ڈیانا کی سہیلی اور عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے بھی تخلیقی اختلافات کی وجہ سے سیریز سے بطور کنسلٹنٹ علیحدگی اختیار کرلی تھی، جمائما نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ جس انداز سے سیریز میں لیڈی ڈیانا کو پیش کیا جارہا تھا وہ اس سے متفق نہیں تھیں۔

بعض مبصرین کےمطابق اداکاری کے لحاظ سے اس سیزن میں تمام ہی اداکاروں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے البتہ لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کرنے والی ایلزبتھ ڈیبیکی کو شائقین نے کافی پسند کیا ہے، اس کے علاوہ ایمیلڈا اسٹوانٹن کا ملکہ ایلزبتھ کا کردار، جوناتھن پرائس کا پرنس فلپ، ڈومینیک ویسٹ کا پرنس چارلس اور اولیویا ولیمز کا کمیلا پارکر بولز کا کردار بھی بھرپور انداز میں ادا کیا گیا۔
مصری بزنس مین محمد الفائد اور ان کے بیٹے ڈوڈی الفائدکا کردار نبھانے والے سلیم ڈو اور خالد عبداللہ سمیت سابق جیمز بانڈ اداکار ٹموتھی ڈالٹن کو بھی کم اسکرین ٹائم کے باوجود پسند کیا گیا تاہم چند مبصرین کی رائے میں بہتر اداکاری کے باوجود ‘دی کراؤن’ کا نیا سیزن سیریز کا سب سے کمزور سیزن ہے۔ دوسری جانب ‘دی ہالی وڈ رپورٹر’ نے ‘دی کراؤن’ کے نئے سیزن کو متاثر کن قراردے دیا، اپنے تبصرے میں اینجی ہان لکھتی ہیں کہ اس سیزن میں نوے کی دہائی کے واقعات کو عمدگی سے پیش کیا گیا اور تمام کاسٹ نئی ہونے کے باوجود یہ سیریز شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوگی۔

ان کے خیال میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی مارٹن بشیر اور ڈاکٹر حسنات، اور مصری بزنس مین محمد الفائد اور ڈوڈی الفاعد کی سلیکشن کے معاملے پر پروڈیوسر مطمئن نہ کرسکے اور خود کنفیوژن کا شکار نظر آئے۔ ‘دی ایٹلانٹک ‘ کے لیے تبصرہ کرتے ہوئے شرلی لی نے کہا کہ ‘دی کراؤن’ کو شاہی خاندان پر تنقید کرنے کی وجہ سے لوگوں نے پسند کیا تھا لیکن سیزن 5 میں تنقید کا عنصر کم ہے اور یہ ایک ‘سوپ اوپیرا’ کی صورت اختیار کرگیا ہے۔ اگر معاملات اسی طرح چلتے رہے تو اگلا سیزن پیٹر مورگن کی فلم ‘دی کوئین’ جیسا ہوگا جس کی کہانی لیڈی ڈیانا کی موت کے گرد گھومتی ہے۔

Related Articles

Back to top button