ماہرہ خان، فہد مصفطیٰ کو اکٹھے ڈانس کرنا مہنگا کیوں پڑ گیا؟

پاکستان اور بھارت میں اپنی اداکاری کے جلوے بکھیرنے والی اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ اکٹھے ڈانس کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں، دونوں کی نئی فلم ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوئی تھی لیکن اسے مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی ‘میں لندن نہیں جاؤں گی’ نامی فلم نے پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
ماہرہ خان اور فہد مصطفی عید کے موقع پر نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئے اور قائد اعظم زندہ باد‘ سمیت دیگر فلموں پر کھل کر باتیں کی، فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا بھی شریک ہوئیں اور فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا۔ یاد رہے کہ یہ فلم ایک بھارتی فلم گاندھی کا چربہ ہے۔ پروگرام کے مختلف سیگمنٹس میں دونوں اداکاروں نے کھیل بھی کھیلے جب کہ شو کے اختتام پر دونوں نے اپنی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کے گانے ’لوٹا رے‘ پر میزبان کے ہمراہ ڈانس بھی کیا۔
فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی جانب سے ٹی وی شو میں ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد لوگوں نے ان پر خوب تنقید کی اور ان کے ڈانس کو بھی بُرا کہا۔ دونوں اداکاروں پر تنقید کرنے والے لوگوں نے کمنٹس کیے کہ فلم کی پروموشن کے دوران شاپنگ مالز، سڑکوں اور ٹی وی شوز میں ڈانس کرنے کے باوجود وہ لوگوں کو اپنی فلم دیکھنے کے لیے راضی نہ کر سکے۔
بعض لوگوں نے ان کی فلم کو بیکار قرار دیا اور کچھ لوگوں نے تو انہیں مسخرا بھی قرار دے دیا، لوگوں نے دونوں کے ڈانس پر سخت تنقید کرتے ہوئے ٹی وی شو کے فارمیٹ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور الزام لگایا کہ شہریار منور کے شو کو بھی بھارتی کپل شرما شو کی کاپی کر کے بنایا گیا۔
کچھ افراد نے ماہرہ خان کو ڈانس کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ انہیں ہر بار ڈانس کرنے سے گریز کرنا چاہئے، انہیں اپنے ماضی کے روایتی کام پر توجہ دینی چاہئے، وہ انتہائی اچھی اداکارہ ہیں مگر ان کا ہر بار ڈانس کرنا فضول عمل ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ کی فلم “قائداعظم زندہ باد “میں شامل علی ظفر کے نئے گانے “دل کرے” نے ریلیز ہوتے ہی مداحوں کے دلوں میں گھر کر لیا۔
اداکارہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ نے انسٹا گرام پر اپنی نئی فلم “قائداعظم زندہ باد” میں شامل گانا “دل کرے” شیئر کیا جسے علی ظفر نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا۔ علی ظفر کی سریلی آواز نے مداحوں کو مسحور کر دیا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی میوزک ویڈیو کو کچھ ہی گھنٹوں میں 80 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، جہاں صارفین اداکارہ ماہرہ اور فہد کی پرفارمنس کو بھی داد دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ” قائداعظم زندہ باد” عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستان کے تمام سینما گھروں میں ریلیز کی گئی، فلم میں فہد مصطفیٰ کو ایک پولیس افسر کے کردار میں دکھایا گیا ہے جو پہلے رشوت خور ہوتا ہے لیکن بعد میں وہ ایمانداری کا راستہ اختیار کر لیتا ہے۔ تاہم سیاسی حلقوں نے بھی اس فلم پر سخت تنقید کی ہے اور یہ اعتراض کیا ہے کہ اس میں صرف سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو ہی رشوت خور دکھایا گیا ہے جبکہ ملک کو لوٹنے والی اسٹیبلشمنٹ کو بخش دیا گیا ہے۔