مداحوں کو اداکار فواد خان کا بے چینی سے انتظار کیوں ہے؟


معروف امریکی ویب سیریز ’’مس مارول‘‘ کی اقساط جوں جوں سامنے آ رہی ہیں، لوگوں کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہر قسط کے اختتام پر ایک نئے سٹار کی جھلک دکھائی جاتی ہے، چوتھی قسط میں فواد خان کی جھلک نے مداحوں کی بے چینی میں اضافہ کر دیا ہے۔

گزشتہ سال جب یہ تصدیق ہوئی کہ پاکستانی اداکار فواد خان ’’مس مارول سیریز‘‘ کا حصہ ہوں گے، تب سے مداح اس سیریز کے ریلیز ہونے کا شدت سے انتظار کر رہے تھے۔

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سمیت بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے فواد خان کے مداحوں کی بے چینی میں گزشتہ روز مزید اضافہ ہوگیا جب مس مارول سیریز کی چوتھی قسط میں اداکار کے کردار کی پہلی جھلک دکھائی دی۔

سیریز کی ریلیز سے قبل یہ خبریں گردش میں تھیں کہ مس مارول میں پاکستانی اداکار فواد خان اور مہوش حیات کا کردار انتہائی اہم ہے جو کہ مس مارول کمالا خان کے پردادا اور پردادی کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔ اس سیریز کی چوتھی قسط میں فواد خان کے کردار کے حوالے سے یہ خبریں درست ہوتی معلوم ہوئیں، فلم کے ایک سین میں مرکزی کردار کمالا خان کی نانی اسے اسکے ماضی کے بارے میں بتا رہی ہوتی ہیں، اس دوران وہ کمالا کو اس کے نانا حسن کی ایک تصویر دکھاتی ہیں جوکہ بظاہر فواد خان کی ایک بلیک اینڈ وائٹ فوٹو ہوتی ہے۔

چوتھی قسط کے اختتام پر کریڈٹس میں فواد خان کا نام نمایاں ہونے سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ تصویر فواد خان کی ہی ہے اگرچہ فواد خان کے اس کردار کے حوالے سے فی الحال مزید کچھ نہیں بتایا گیا اور شائقین مارول سیریز میں اپنے پسندیدہ اداکار کی صرف ایک جھلک ہی دیکھ سکے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ اگلی قسط میں فواد خان باقاعدہ طور پر اپنا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

سیریز میں فواد خان کو ملنے والے سکرین ٹائم کے حوالے سے بھی فی الحال کچھ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا لیکن ان کے مداح فواد خان کے مارول سٹوڈیو میں ڈیبیو پر بے پناہ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، ایک صارف نے کہا کہ یہ صرف فواد خان کے لیے ہی ممکن ہے کہ چار، پانچ سال سکرین سے غائب رہنے کے باوجود صرف ایک جھلک دکھا کر لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیں، یہ ہوتا ہے حقیقی سپر سٹار۔

سیریز کی چوتھی قسط میں فواد خان کی جھلک کے ساتھ کراچی شہر کے محصور کن مناظر نے بھی مداحوں، خاص طور پر پاکستانی ناظرین کی اس سیریز میں دلچسپی کو مزید بڑھا دیا، اس سیریز میں فواد خان اور مہوش حیات کے علاوہ اداکارہ نمرہ بچہ اور ثمینہ احمد سمیت کچھ مشہور ایشیائی اداکار بھی شامل ہیں۔ ’’مس مارول‘‘ کے چار ہدایت کاروں میں سے ایک ہدایت کار شرمین عبید چنائے نے سیریز میں فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ فواد ایسے ناقابل یقین اداکاروں میں سے ایک ہیں جو کہ ورسٹائل ہیں۔ شرمین عبید چنائے کے مطابق فواد خان واقعی لاجواب ہیں۔

Related Articles

Back to top button