معروف گلوکار سدھو موسے والا کو کس نے اور کیوں قتل کیا؟

معروف بھارتی پنجابی گلوکار ’’شبھ دیپ سنگھ‘‘ عرف سدھو موسے والا کو دن دیہاڑے سڑک پر فائرنگ کر کے قتل کرنے کی ذمہ داری گولڈی برار نامی گینگسٹر نے قبول کی ہے، جس نے جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھ سدھو موسے والا کے قتل کا منصوبہ بنایا۔
مقبول پنجابی گلوکار اور کانگریس کے رہنما سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری مبینہ طور پر کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار نے قبول کرلی، شُبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کو اتوار (29 مئی) کو بھارتی پنجاب کے علاقے مانسا میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ گولڈی برار کی ہے، میں دعویٰ کیا گیا کہ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا منصوبہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق گولڈی برار کا کہنا ہے کہ سدھو موسے والا کو اس لیے مارا کیوںکہ ان کا نام اکالی رہنما وکی مدوکھیرا اور ان کے کزن گرلال برار کے قتل کیس میں سامنے آیا تھا، مدوکھیرا کو گزشتہ سال موہالی اور گرلال کو چنڈی گڑھ میں قتل کیا گیا تھا۔
ضلع فرید کوٹ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار کا اصل نام ستندر جیت سنگھ ہے، وہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی اور بھارتی پنجاب میں بھتہ خوری کا گینگ چلانے میں ملوث تھا، پنجاب پولیس نے گولڈی برار کی ایک فائل تیار کر رکھی ہے، جس کے مطابق 1994 میں پیدا ہونے والے گولڈی نے بی اے تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے، گولڈی برار اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں اور اپنے کارندوں کے ذریعے پنجاب میں کارروائیاں کرتے ہیں۔
ان دنوں بھارتی پنجاب، ریاست ہریانہ اور نئی دہلی جیل میں بند لارنس بشنوئی گینگ اور ایک قتل ہونے والے گینگسٹر دویندر بمبیہا کے گینگ کے درمیان میدان جنگ بنے ہوئے ہیں، چند سال کے دوران ریاست میں دونوں گینگز میں خونی لڑائی ہو چکی ہے، دونوں گروپ اکثر ایک دوسرے کے لوگوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
گولڈی برار، لارنس بشنوئی کی ایما پر بھتہ خور گینگ چلا رہے ہیں جبکہ بمبیہا گینگ کو مبینہ طورپر لکی پٹیال چلا رہے ہیں جو آرمینیا کی جیل میں قید کاٹ رہے ہیں، بھارتی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وی کے بھاورا کے مطابق سدھو موسے والا کے قتل کا تعلق سیاسی جماعت شرومنی اکالی دل کے رہنما وکی مدوکھیرا کے قتل سے ہے۔
گولڈی برار کے کزن گرلال برار کو گذشتہ سال جولائی میں چنڈی گڑھ کے صنعتی علاقے میں قتل کردیا گیا تھا۔ گرلال، بشنوئی کے قریبی ساتھی تھے۔ کہا جاتا ہے کہ بشنوئی گینگ نے اس قتل کا بدلہ لینے کے لیے فرید کوٹ میں یوتھ کانگریس کے رہنما گرلال پہلوان کو قتل کر دیا۔ گولڈی برار اس قتل کے مرکزی ملزم تھے۔ اس کے بعد 2021 میں وہ کینیڈا فرار ہو گئے۔
مقتول گلوکار نے کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا، نئی دہلی پولیس کے خصوصی سیل کے ذرائع نے بتایا کہ جیل میں بند گینگسٹر بشنوئی اور ان کے ساتھیوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
سینئر پولیس افسر کے مطابق بشنوئی جیل کے اندر سے اپنے کئی ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور انہی ساتھیوں سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے قتل کی منصوبہ بندی کی، مانا جا رہا ہے کہ پولیس اس وقت گولڈی برار کے درست مقام کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔

Related Articles

Back to top button