مہر بانو نے عورت مارچ سے متعلق متنازع ویڈیو کی حقیقت بتا دی

اداکارہ مہر بانو نے انکشاف کیا کہ 2021 میں عورت مارچ کے دوران وائرل ہونے والی ویڈیو میری نہیں تھی بلکہ اس کو ایڈٹ کیا گیا، ویڈیو ریلیز ہونے کے بعد مجھے دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں، جو بات کہنا چاہتی تھی وہ لوگوں تک ٹھیک طرح سے نہیں پہنچ پائی۔حال ہی میں اداکارہ مہر بانو نے پروگرام حد کر دی میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی اداکاری کے کیریئر، عورت مارچ سے متعلق گفتگو کی جس کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ ٹی وی پر اداکاری کرنے سے قبل انہوں نے کئی سال قبل تھیٹر شروع کر دیا تھا، ’میرا شوبز انڈسٹری میں آنے کا کوئی پلان نہیں، جب سکول میں پڑھتی تھی تو ٹائم پاس کرنے کے لیے تھیٹر شروع کر دیا تھا، ایک یونیورسٹی میں تھیٹر پلے کرنے گئی تو نامور ڈائریکٹر سرمد کھوسٹ نے مجھے دیکھ لیا اور پھر میری اداکاری کا سفر شروع ہوا۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ 17 سال کی عمر سے اداکاری اور تھیٹر کر رہی ہیں، فلم میں ڈگری ہونے کے بعد اب ہدایت کاری کا زیادہ شوق ہے، اسی دوران شوہر شاہ رخ سے شادی کرنے سے متعلق بتایا کہ شاہ رخ بھی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ دونوں بہت اچھے دوست ہیں، وہ فلم چڑیل کی شوٹنگ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے، وہیں پر ہماری ملاقات ہوئی تھی، پھر 4 سال بعد ہم نے شادی کا فیصلہ کیا۔مہر بانو نے اپنے شوہر کے نام کے پیچھے کی کہانی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کا نام بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان سے متاثر ہوکر رکھا گیا تھا، میری فیملی سمیت شوہر کا خاندان بھی شاہ رخ خان کے بہت بڑے مداح ہیں، ہمارے گھر میں شاہ رخ خان کیلئے دعائیں بھی کی جاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’ایک آدمی کو کیسا ہونا چاہیے، شاہ رخ خان اس کی بہترین مثال ہیں۔یاد رہے کہ اداکارہ مہر بانو کی ہدایت کار شاہ رخ سے شادی 2022 میں ہوئی تھی، اداکارہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ عورت مارچ سے متعلق میں جو کہنا چاہ رہی تھی، میری بات شاید لوگوں تک ٹھیک طرح سے پہنچ نہیں پائی، اس کے علاوہ جو لوگ ویڈیو بنارہے ہوتے ہیں، وہ جو دکھانا چاہتے ہیں صرف اسی بات کو ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا پر شئیر کرتے ہیں۔یوٹیوب پر مہر بانو سے متعلق عجیب و غریب ویڈیوز اور تصاویر پر اداکارہ نے کہا کہ میں لوگوں کو ایسے کام نہ کرنے کیلئے نہیں روک سکتی، میرے خیال ہے کہ میں ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لوں گی کیونکہ ایسے کام کرکے ہمارا معاشرہ خود اپنی عکاسی کررہا ہے، یاد رہے کہ 2021 میں کراچی میں عورت مارچ ریلی کے دوران مہر بانو کی ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ہم جنس پرستی کو فروغ دینے سے متعلق متنازع گفتگو کر رہی تھیں۔

Related Articles

Back to top button