’’میں ہی بھارت کو شکست دوں گی‘‘، یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’’نایاب‘‘ کا ٹریلر جاری

معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’’نایاب‘‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا، ویمن قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے نایاب خاندانی اور سماجی مسائل کے علاوہ دیگر کئی مشکلات سے گزرتی ہیں، فلم میں یمنیٰ زیدی نایاب نامی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی جوکہ بچپن سے ہی کرکٹر بننا چاہتی ہیں لیکن خاندان اور سماجی مسائل کی وجہ سے اسے مشکلات درپیش آتی ہیں۔فلم کے کردار نایاب کا تعلق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہوتا ہے اور فلم میں ان کے علاوہ جاوید شیخ، عدنان صدیقی، اُسامہ خان اور محمد فواد خان سمیت فریال محمود بھی دکھائی دیں گی، جاوید شیخ نے نایاب کے والد کا کردار ادا کیا ہے جہاں وہ نایاب کے کرکٹ کھیلنے کے خلاف ہیں جبکہ بھائی کا کردار محمد فواد خان نے ادا کیا جہاں وہ کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے سے قومی ٹیم میں سلیکشن تک نایاب کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔2 منٹ 43 سیکنڈ کے ٹریلر کے آغاز میں نایاب کے بھائی ویمن کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے کیلئے والد سے اجازت لے رہے ہوتے ہیں، ٹریلر کا آغاز نایاب کے بھائی کے ساتھ ہوتا ہے جہاں وہ والد سے نایاب کے ویمن کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے کی اجازت مانگ رہے ہوتے ہیں، لیکن ان کے والد منع کر دیتے ہیں۔ٹریلر کے دوران نایاب کا ڈائیلاگ بھی ہے جہاں وہ اپنے بھائی کو اکا پکارتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’اکا تم سمجھ نہیں رہے ہو، پوری زندگی گلی کرکٹ نہیں کھیلنی، یہ نیشنل لیول کا ٹرائل ہے اکا‘۔ اس ٹریلر کے دوران نایاب کو کرکٹ کھیلتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ فریال محمود کو رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ٹریلر میں گھریلو جھگڑے، کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی سلیکشن میں ہونے والی سیاست جیسے مسائل کو بھی دکھایا گیا ہے، اس کے علاوہ گولیاں چلتے، نایاب کی ساتھی کھلاڑیوں سے لڑائی کے مناظر بھی دکھائے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نایاب کی نیشنل ٹیم میں سلیکشن کے دوران کئی مشکل مراحل سے گزرتی ہے۔ٹریلر کا اختتام نایاب کے ڈائلاگ سے ہوتا ہے جہاں وہ اپنے بھائی کو کہتی ہیں کہ ’تم دیکھنا، میں ہی بھارت کو شکست دوں گی، ’’نایاب‘‘ کی ہدایات عمیر ناصر علی نے دی ہیں جبکہ اسے رومینا عمر اور عمیر عرفانی نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کی زیادہ تر شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کی گئی ہے، تاہم اس کے متعدد مناظر لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی فلمائے گئے ہیں، یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم اگلے سال 26 جنوری کو پاکستان کے تمام سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

Related Articles

Back to top button