ناجائز تعلقات کا اعتراف کرنے پرجاوید شیخ تنقید کی زد میں

شوبز انڈسٹری میں اپنے معاشقوں کا دیدہ دلیری سے اعتراف کرنے اور برملا اظہار کرنے پر سینئر اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر جاوید شیخ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں، سلمیٰ آغا سے طلاق کے بعد اداکارہ نیلی کی جانب سے سہارا دیئے جانے کے بیان پر صارفین اداکار کو خوب کھری کھری سنا رہے ہیں۔
جاوید شیخ کے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس پر صارفین کی بڑی تعداد نے اداکار کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وائرل ویڈیو کلپ میں جاوید شیخ اپنی ذاتی زندگی کے کئی رازوں کا اعتراف کرتے سنائی دیتے ہیں اور سکون کے ساتھ اپنے افیئرز اور ناکام شادیوں کی بات بتا رہے ہیں، ویڈیو میں جاوید شیخ بتاتے ہیں کہ ان کی دو شادیاں ہوئی تھیں جو طلاق پر ختم ہوئیں۔ انکے مطابق ایک اہلیہ زینت منگی سے انہیں دو بچے اداکارہ مومل شیخ اور شہزاد شیخ ہیں جبکہ ان کی دوسری شادی سلمیٰ آغا کے ساتھ ہوئی تھی اور بدقسمتی سے دونوں طلاق پر ختم ہوئیں۔
جاوید شیخ کہتے ہیں کہ سلمیٰ آغا سے طلاق کے بعد انہیں صدمہ پہنچا تھا اور انہوں نے اپنا خیال کرنا چھوڑ دیا تھا، تب انہیں اداکارہ نیلی نے سہارا دیا تھا، اداکار نے بتایا کہ نیلی اور میں نے ایک ساتھ فلموں میں کام کیا۔ ایک روز شوٹنگ کے دوران نیلی کو ان پر ترس آگیا اور انہوں نے مجھے اپنے میک اپ آرٹسٹ کے ذریعے پیغام بھجوایا کہ میں ان کے پاس آ جاؤں۔ سینئر اداکار نے اعتراف کیا کہ طلاق کے صدمے میں نکلنے میں نیلی نے ان کی مدد کی، انہوں نے کہا کہ وہ بلکل صاف گو شخص ہیں، ان کے کئی افیئرز بھی رہے اور ان کے افیئرز کا بھی سب کو علم ہے، جاوید شیخ نے کہا کہ وہ کوئی بات نہیں چھپاتے، ان کی ہر بات کا ہر کسی کو علم ہے۔
ان کے انٹرویو کی ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان پر خوب تنقید کی اور کہا کہ موصوف کتنے فخر کے ساتھ ناجائز تعلقات کا اعتراف کر رہے ہیں، بعض لوگوں نے انٹرویو کے دوران موجود پروگرام کے شرکا کو بھی جاوید شیخ کے ناجائز تعلقات کے اعتراف پر تالیاں بجانے پر تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن جاوید شیخ نے ان اداکاراؤں کے نام نہیں بتائے تھے، جن کے ساتھ ان کے افیئرز رہے، البتہ ماضی کی مقبول اداکارہ نیلی کا نام لیتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ اداکارہ نے انہیں صدمے سے نکالا، نیلی اب شوبز کی دنیا سے دور دکھائی دیتی ہیں جبکہ جاوید شیخ کی سابق اہلیہ سلمیٰ آغا بیرون ملک مقیم ہیں اور بھارت میں بھی متعدد فلموں میں کام کر چکی ہیں، ان کی بیٹی بھی وہاں کی انڈسٹری کا حصہ ہیں، جاوید شیخ کی بیٹی مومل شیخ اور بیٹا شہزاد شیخ پاکستانی شوبز کا حصہ ہیں جب کہ ان کے چھوٹے بھائی سلیم شیخ بھی اداکار ہیں۔