ویوک اوبرائے کی محبت اور کیریئر دونوں ناکام کیوں ہوئے؟


اداکارہ ایشوریہ رائے کی محبت میں سلمان خان سے پنگا ڈال کر بھارتی فلم انڈسٹری سے آؤٹ ہوجانے والے اداکار ویوک اوبرائے نے اب گڑے مردے اکھاڑتے ہوئے اپنی محبت کے قصے بیان کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
فنکار لاکھوں مداحوں کے دلوں کی دھڑکن ہوتے ہیں، شاید اس لیے بھی وہ اپنے بہت نجی معاملات یا ذاتی زندگی سے جڑی باتوں کو کم ہی سامنے لاتے ہیں، لیکن بھارتی فنکار ویوک اوبرائے نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اپنی محبت کے قصے زبان زد عام کر دیئے ہیں۔ ویوک اوبرائے نے اس بات کا برملا اعتراف کیا ہے کہ پہلی محبت میں ناکامی کے بعد انہوں نے کئی لڑکیوں کے ساتھ فلرٹ کرنا شروع کر دیا تھا، لیکن وہ جتنی زیادہ لڑکیوں کو ڈیٹ کرتے، انھیں احساس ہوتا کہ وہ مزید تنہائی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ بالی ووڈ سٹار ویوک اوبرائے اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے کا 2003 میں تب بریک اپ ہو گیا تھا جب ویوک نے ایشوریا کے سابق بوائے فرینڈ سلمان خان کے بارے میں بدنام زمانہ پریس کانفرنس کی تھی، انہوں نے سلمان خان پر دھمکانے اور بدکلامی کرنے کا الزام لگایا تھا۔
اس واقعے کے بعد تو جیسے ویوک کے کیریئر اور زندگی دونوں ہی بدل گئے، محبت بھی ہاتھ سے گئی اور فلمیں بھی ملنا کم ہو گئیں، یعنی نہ خدا ہی ملا نہ وصال صنم، نہ ادھر کے ہوئے نہ ادھر کے ہوئے، ٹوٹا ہوا دل اور بکھرا ہوا کیریئر جیسے ویوک کی قسمت بن گئی تھی، ویوک اور ایشوریا نے فلم ’’کیوں ہو گیا نہ‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان نزدیکیاں بڑھنے لگی تھیں۔ لیکن ویوک کی سلمان خان مخالف پریس کانفرنس نے ان نزدیکیوں کو ایک دم سے فاصلوں میں تبدیل کر دیا، اب ویوک کو انڈسٹری میں آئے بیس سال ہو چکے ہیں، انہوں نے کئی اچھی فلمیں بھی دیں لیکن کمپنی جیسی فلم کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے باصلاحیت ویوک زیادہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے، کچھ عرصہ پہلے بالی ووڈ سٹار نے ایک فلم میں وزیراعظم نریندر مودی کا کردار نبھایا تھا جو شاید عوام کو زیادہ پسند نہیں آیا۔
ویوک نے 2010 میں نے پرینکا الوا سے شادی کی اور اب ان کے دو بچے ہیں، اب یہ کہنا مشکل ہے کہ ویوک 20 سال پہلے دفن ہو جانے والی ایشوریہ کی محبت کے گڑھے مردے کیوں اکھاڑ رہے ہیں، ویسے ویوک جلد ہی فلم ‘روزی، دی سیفرون چیپٹر‘ میں نظر آئیں گے جس میں سلمان خان کے بھائی ارباز خان بھی کام کر رہے ہیں۔
2002 میں رام گوپال ورما کی فلم ’’کمپنی‘‘ سے کیرئیر کا آغاز کرنے والے ویوک اوبرائے اب تک کئی فلموں میں لاجواب اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں، ویوک اوبرائے نے فلم ساتھیہ، مستی اینڈ یووا، دی وارئیر پوائیٹ، اومکارا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا خواب منوایا۔ ویوک اوبرائے نے فلم کمپنی کے لیے بیسٹ ڈیبیو، بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا فلم فیئر ایوارڈ جبکہ بیسٹ میل ڈیبیو، بیسٹ ایکٹر ان سپورٹنگ رول، بیسٹ ایکٹر ان نیگیٹو رول میں زی سنے ایوارڈ اپنے نام کیا تھا، انہوں نے شوٹ آئوٹ ایٹ لوکھنڈوالا فلم کیلئے بہترین ولن کا آئیفا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button