گلوکارعلی ظفراوربھارتی اداکارہ ریچا چڈا کی شادی؟


بھارتی اداکارہ ریچا چڈا کی پاکستانی گلوکار علی ظفر سے شادی کی اطلاعات نے سوشل میڈیا پر طوفان بپا کر دیا، شادی کی اطلاع دینے والی بھارتی خاتون صحافی نے اپنی غلطی کا احساس ہونے پر فوری طور پر ٹوئیٹ کو ڈیلیٹ کر دیا لیکن اس سے قبل اس کو لاکھوں صارفین دیکھ اور کمنٹ کر چکے تھے۔ ٹائمز آف انڈیا کی ہندی ویب سائٹ سے وابستہ صحافی پرشانت جین نے ایک ٹوئٹ کی تھی کہ ریچا چڈا آئندہ ماہ اکتوبر میں علی ظفر سے شادی کرنے جا رہی ہیں، صحافی نے دعویٰ کیا کہ علی ظفر اور ریچا چڈا کی شادی 7 اکتوبر کو ہوگی۔

اگرچہ صحافی نے ٹوئٹ میں پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر کو مینشن کیا، تاہم انہیں پاکستانی نہیں لکھا، بھارتی صحافی نے غلط ٹوئٹ ڈیلیٹ کر کے دوبارہ ٹوئٹ کی۔

بھارتی صحافی کی ٹوئٹ پر اگرچہ متعدد افراد نے کمنٹس کیے، تاہم بعد ازاں اداکارہ ریچا چڈا نے بھی ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ علی ظفر سے شادی نہیں کرنے جا رہیں، ریچا چڈا نے صحافی کی ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ علی ظفر پاکستانی گلوکار و اداکار ہیں اور یہ کہ وہ پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں۔

اداکارہ کی ٹوئٹ کے بعد صحافی کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا اور ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی، تاہم بعد ازاں اپڈیٹ ٹوئٹ میں بتایا کہ ریچا چڈا آئندہ ماہ اکتوبر میں ساتھی اداکار علی فضل کے ساتھ شادی کرنے جا رہی ہیں، ریچا چڈا کی جانب سے علی ظفر سے شادی سے متعلق وضاحت کی ٹوئٹ پر پاکستانی گلوکار نے بھی کمنٹ کیا اور وضاحت پیش کرنے پر بالی ووڈ اداکارہ کا شکریہ ادا کیا۔ علی ظفر نے ریچا چڈا کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی وضاحت کا شکریہ اور ان کی ٹوئٹ پر بھی مداحوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

واضح رہے کہ ریچا چڈا نے 2008 کے دوران فلم ’’اوئے لکی، لکی اوئے‘‘ میں چھوٹے کردار سے بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا، اس کے بعد گینگز آف واسع پور میں معاون کردار کے طور پر بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا تھا، اداکارہ نے اس کے ساتھ شارٹس، فکرے، ورڈز ود گاڈ، میں اور چارلس، سربجیت، جیا اور جیا، فکرے ریٹرنز، داس دیو، لو سونیا، پنگا اور شکیلا جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

Related Articles

Back to top button