گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی کس ملک میں چھٹیاں گزار رہی ہیں؟

معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی موسم گرما کے دوران چھٹیاں گزارنے کے لیے سپین پہنچ گئی ہیں جبکہ گلوکارہ کے ہمراہ ان کا بیٹا ناد علی بھی موجود ہے۔
گلوکارہ حدیقہ کیانی جنہوں نے حال ہی میں اداکاری کے میدان میں بھی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے، کم عمری میں ہی اپنی سُریلی آواز میں گائیکی کے ذریعہ موسیقاروں اور شائقین کو متاثر کر چکی ہیں۔
اداکارہ نے ’’رقیب سے‘‘ جیسے بڑے ڈرامے میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا اور اپنی زبردست اداکاری سے سب کو حیران کر دیا، حدیقہ کیانی ملک کی سب سے کامیاب خواتین موسیقاروں میں سے ایک ہیں اور لوگ انہیں نہ صرف ان کی آواز بلکہ ان کی سماجی خدمت، شفقت اور عاجزی کی وجہ سے بھی پسند کرتے ہیں۔
گلوکارہ کے گزشتہ چند مہینے بہت مصروف گزرے تھے کیونکہ وہ سیلاب زدگان کی بحالی میں مدد کر رہی تھیں اور بہت سے ان لوگوں کے لیے گھر بنانے میں کامیاب ہوئیں جنہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب میں اپنا سب کچھ کھو دیا تھا۔
حدیقہ کیانی ان دنوں اپنے بیٹے نادِ علی کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے لیے اسپین کے شہر بارسلونا میں موجود ہیں، انسٹا گرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں حدیقہ کیانی کو اپنے بیٹے کے ساتھ بارسلونا کے سیاحتی مقامات کی سیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے سپین میں قیام کے دوران اپنی چند تصاویر انسٹا گرام پر مداحوں کے لیے شیئر بھی کی ہیں جن میں وہ بیٹے کیساتھ سپین کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کرتے نظر آ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ستمبر 2020 میں بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وہاں کے متاثرہ عوام کے لیے وسیلہ راہ نامی مہم کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت انہوں نے عوام اور مختلف اداروں سے فنڈز جمع کیے تھے۔
حدیقہ کیانی نے ابتدائی طور پر وسیلہ راہ مہم کے تحت بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ افراد کو ضروری اشیا کی فراہمی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے متاثرین کی گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا تھا۔
گلوکارہ نے سیلاب کے صرف چار ماہ بعد بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل ٹمبو کے ایک گاؤں میں 100 گھر تعمیر کروانے کے اپنے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا تھا، جس کو عوامی سطح پر کافی پذیرائی ملی تھی۔