یاسر نواز نے ندا یاسر کو فارمولا ون کار کیوں دکھائی؟

فارمولا ون کار میں کتنے لوگ بیٹھ سکتے ہیں؟ کیا ابھی آپ نے صرف کار کا فارمولا تیار کیا ہے، اور ایکسپیریمنٹ کرنا باقی ہے؟ یہ سوالات کسی اور کے نہیں بلکہ معروف میزبان و اداکارہ ندا یاسر کے ہیں جو انہوں نے اپنے ٹی وی شو میں فارمولا ون گاڑی تیار کرنے والی ٹیم سے پوچھے تھے، اور انہی سوالات پر ندا یاسر کی خوب ٹرولنگ بھی ہوئی تھی۔ ندا یاسر ان دنوں امریکہ میں اپنے شوہر کے ساتھ چھٹیاں گزار رہی ہیں اور اسی دوران ان کے شوہر یاسر نواز نے فارمولا ون کار کی ٹرولنگ کا حساب برابر کرنے کے لیے ندا یاسر کو سپورٹس کار دکھائی، اور بتایا بھی کہ اس میں صرف ایک ہی فرد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔
اس سلسلے میں جوڑے کی انٹرنیٹ پر ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں یاسر نواز اپنی اہلیہ کو فارمولا ون ریسنگ کار دکھا رہے ہیں، ویڈیو میں یاسر نواز کو مزاحیہ انداز میں ندا یاسر سے یہ پوچھتے دیکھا جا سکتا ہے کہ ’ندا پتا ہے یہ کون سی گاڑی ہے؟ جواب میں ندا یاسر کہتی ہیں کہ ’ہاں مجھے اب بہت اچھے سے پتا ہے، اور میں نے اندر سے بھی بہت غور سے دیکھی ہے، ہاتھ بھی لگا کر دیکھا ہے، خوش ہو جائیں آپ لوگ، ندا یاسر اس ویڈیو میں کافی خوشگوار موڈ میں نظر آ رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر یاسر نواز انہیں مزید تنگ کر رہے ہیں۔ ندا یاسر اور فارمولا ون کار کے بارے میں بحث کا آغاز 2021 میں وائرل ہونے والے ایک کلپ کے بعد ہوا تھا جس میں دو نوجوان انجینئر ندا یاسر کو فارمولا ون کے ڈیزائن پر بننے والی کار کے بارے میں بتا رہے تھے۔
اپنے مارننگ شو میں ندا یاسر نے مہمان انجینئرز سے فارمولا ون ریسنگ کار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں کتنے لوگ بیٹھ سکتے ہیں؟ ندا یاسر کے سوال پر مہمان نے بتایا یہ فارمولا ہے، ریسنگ کار ہے تو اس میں صرف ایک شخص بیٹھ سکتا ہے، جس کے جواب میں ندا یاسر کا کہنا تھا کہ اچھا ابھی فارمولا بنایا ہے آپ نے، ایکسپیریمنٹ نہیں کیا؟
اس شو کے ایئر ہونے کے فوراً بعد یہ کلپ وائرل ہو گیا تھا اور ساتھ ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طرح طرح کے تبصروں کے ہمراہ میمز بھی بننا شروع ہو گئے تھے۔ ندا یاسر نے خود بھی اپنی غلطی کا اعتراف کیا تھا اور اب جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ امریکہ گئی ہوئی ہیں تو میزبان نے فارمولا ون کے شو روم کا بھی دورہ کیا اور ویڈیو اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔
ندا یاسر اور یاسر نواز کی اس ویڈیو کے بعد مائیکرو بلاگنگ کی ایپ انسٹا گرام پر بھی دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں، شجالا نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ صحیح بتاؤں تو ندا یاسر کی وجہ سے ہی بہت سے لوگوں کو فارمولا کار کا پتا چلا ہوگا۔ جویریا نامی ایک اور صارف نے لکھا کہ مجھے بھی ندا کی وجہ سے فارمولا ون کار پتا چلا تھا، زویا نامی صارف نے کہا کہ اچھی بندی ہے، اپنی غلطی مان لیتی ہے، صارف زرمین کا کہنا ہے کہ ان دونوں کا آپس میں مزاح کا رشتہ ہے، مجھے یہ دونوں پسند ہیں۔

Related Articles

Back to top button