اداکار محمود اسلم کی موت کی جھوٹی خبر کس نے اڑائی؟

معروف کامیڈی سٹ کام ’’بلبلے‘‘ کے اہم کردار اداکار محمود اسلم کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، ہر کوئی افسوس کا اظہار کرتا نظر آیا لیکن صورت حال عین اس وقت ڈرامائی ہوگئی جب محمود اسلم نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ میں آپ کے سامنے زندہ سلامت ہوں۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر متعدد فیس بک پوسٹ اور انسٹاگرام اور ٹوئٹر صارفین کی جانب سے محمود اسلم کے انتقال کی خبریں گردش کر رہی تھیں، محمود اسلم سے متعلق انتقال کی خبریں گردش کرنے کے بعد ان کے چاہنے والے تجسس میں پڑگئے۔

اداکار محمود اسلم نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دیر قبل کسی نے سوشل میڈیا پر خبر شائع کر دی کہ محمود صاحب کا انتقال ہو چکا ہے۔

انہوں نے جعلی خبریں پھیلانے والوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی یہ خبر گردش کی ہے میں گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ خدا کے لیے جب تک آپ کسی خبر کی تصدیق نہ کرلیں اسے پوسٹ نہیں کرنا چاہئے، اداکار کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبر سن کے میرے گھر والے، دوست احباب پریشان ہوگئے تھے۔

محمود اسلم نے سخت الفاظ میں گزارش کی کہ ’میں زندہ سلامت ہوں، غلیظ اور گندی حرکت کرنے سے قبل 10 بار سوچا کریں، شاید آپ اسے مذاق سمجھ رہے ہوں لیکن یہ مذاق نہیں ہے۔

اداکار کی انسٹاگرام پوسٹ پر اداکارہ عائشہ عمر نے ان کی خیریت کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے محمود صاحب بالکل صحیح سلامت ہیں، اللہ ان کی حفاظت فرمائے تاہم اب ان افواہوں پر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے بھی ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ اللہ ایسی خبریں پھیلانے والوں کو پوچھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں، میری خود محمود اسلم سے بات ہوئی ہے وہ خیرت سے ہیں، ساتھ میں شگفتہ اعجاز نے مداحوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ جہاں بھی اس طرح کی خبر پڑھیں وہ اسے رپورٹ کریں۔

خیال رہے کہ محمود اسلم پاکستان کے معروف اداکار ہیں، معروف مزاحیہ ڈرامہ ’بلبے‘ میں محمود اسلم کی اداکاری کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جاتا ہے، ان کے معروف ڈراموں میں ’’اندھیرا اُجالا‘‘، ’’پیاس‘‘، ’’دن‘‘، ’’اڑان‘‘ شامل ہیں۔

گلوکار عاطف اسلم کے ہاں ننھی پری کی آمد

Related Articles

Back to top button