ادھیڑعمری میں جوان نظر آنے والی پاکستانی اداکارائیں


بوٹوکس، ڈرمل فِلرز، فلٹر اور میک اپ کی جدید پروڈکٹس، یہ ہیں آج کے دور کے وہ ماڈرن ٹولز جو ایلیٹ کلاس اور مڈل کلاس عورتوں کو ہی نہیں، بلکہ شوبز انڈسٹری کی ادھیڑ عمر اداکاراؤں کو بھی انکی اصل عمر سے بظاہر دس سے 15 سال جوان نظر آنے میں مدد دیتے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ یہ کرشماتی حسن ہالی ووڈ کے بعد اب بالی ووڈ اور لالی ووڈ میں بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

ہماری لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری تو اس کی جیتی جاگتی مثال ہیں ، ٹی وی ڈراموں کی سدا بہار مائیں صبا فیصل اور شگفتہ اعجاز بھی انہی کے نقشِ قدم پر چل نکلی ہیں۔ان میں سے کسی کا فوٹو شوٹ یا سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصویریں اٹھا کر دیکھ لیں، ہر ایک کا میک اپ، ڈریسنگ اور ادائیں لاجواب ہیں۔ جیسے بشریٰ انصاری بھول چکی ہیں کہ وہ زندگی کی 67 بہاریں دیکھ چکی ہیں، اسی طرح 65 سالہ صبا فیصل، 66 سالہ صبا حمید اور 55 سالہ شگفتہ اعجاز بھی دل کھول کر عمرِ رفتہ کے ارمان پورے کر رہی ہیں۔ روایتی پہناوئوں کو قریب خیر باد کہنے دینے والی یہ اداکارائیں اکثر جینز اور ٹی شرٹس میں ہی ملبوس نظر آتی ہیں۔ یقین نہ آئے تو کچھ عرصہ سے صبا فیصل اور صبا حمید کی انسٹا گرام پر پوسٹ کی گئی تصاویر یا شگفتہ اعجاز کا حال ہی میں پوسٹ کیا گیا فوٹو شوٹ دیکھ لیں، ان میں سے کوئی بھی اداکارہ دیکھنے میں مہوش حیات، سجل علی یا ہانیہ عامر سے کم نہیں۔

خیر یہ ان کا شوق ہے، اسی لئے تو کہتے ہیں کہ دل جوان ہونا چاہیئے عمروں میں کیا رکھا ہے؟ مگر دوسری جانب دیکھیں تو ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈراموں میں ماں کا رول ہو یا ساس کا، دیورانی جیٹھانی ہو یا نند بھابھی۔کیا کمال کی اداکارائیں ہیں یہ سب، یعنی ایک طرف ان کی موجودگی ٹی وی ڈراموں کی کامیابی کی ضمانت ہے تو دوسری طرف یہ سوشل میڈیا پر بھی چھائی ہوئی ہیں۔ صبا فیصل کے ویلاگ اور ٹریولاگ دیکھ لیں، وہ آپ کو کہیں ماڈلنگ، کہیں میک اوور اور کہیں موسم انجوائے کرتی نظر آئیں گی۔ صبا حمید بھی انسٹا گرام اور سوشل میڈیا کی دوسری سائٹس پر ہر دم ایکٹو نظر آتی ہیں۔ ان کے کھانے، ان کے پہناوے، سب نمبر ون۔اور شگفتہ اعجاز کی تو کیا بات ہے؟ آج کل ان کے تازہ ترین فوٹ شوٹ کے بہت چرچے ہیں جبکہ ان کے یو ٹیوب چینل سے کون واقف نہیں ہو گا؟ کھانوں سے لے کر میک اپ تک اور فیملی ایکٹیوٹیز سے شوٹنگز کے احوال تک آپ کو سب کچھ ملے گا۔ اسکے علاوہ شگفتہ اعجاز کی بڑی بیٹی اور داماد کے یو ٹیوب چینل بھی سوشل میڈیا پر کافی پاپولر ہیں۔

Related Articles

Back to top button