ایک نوجوان اور مخنث کی لو سٹوری پر مبنی فلم ریلیز کو تیار


ایک نوجوان اور ایک مخنث کی محبت کی کہانی پر مبنی پاکستانی فلم ’’ جوائے لینڈ‘‘ کو رواں برس نومبر میں ملک بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، ’جوائے لینڈ‘ کو رواں برس مئی میں فرانس میں کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا جہاں اسے بہترین فلم کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ہدایت کار، لکھاری و اداکار صائم صادق کی فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ کو ’’کانز کوئیر پام‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جوکہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔جوائے لینڈ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ’’کوئیر پام‘‘ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

اسکے بعد سے جوائے لینڈ کو ’ٹورانٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی میلوں میں بھی پیش کیا جا چکا ہے۔ فلمساز نے جولائی میں اعلان کیا تھا کہ ’جوائے لینڈ‘ کو پاکستان میں بھی ریلیز کیا جائے گا اور اب اس کی نمائش کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ہدایت کار صائم صادق نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے فلم کو 18 نومبر کو پاکستان بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’جوائے لینڈ‘ کو کھوسٹ فلم کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا، کھوسٹ فلم کے انسٹاگرام پر بھی فلم کی نمائش کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

’’جوائے لینڈ‘‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔ فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالی ایوارڈ دیا گیا تھا۔ فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

Related Articles

Back to top button