بالی ووڈ کے گروسلمان خان نے تین فٹ کے عبدو کو سٹار کیسے بنایا؟

آج کل بالی ووڈ میں مسلم تاجک سنگر اور باکسر عبدو رازق کے بہت چرچے ہیں کیونکہ وہ بالی ووڈ کے سپر ہیرو اور سٹار میکر سلمان خان کی دریافت جو ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انیس سالہ عبدو کا قد صرف تین فٹ ہے اور اس کی مقبولیت کی بڑی وجہ بھی اس کی جسامت ہی ہے۔ دراصل اسے بچپن میں ہی ایک بیماری لاحق ہو گئی تھی جس میں قد بڑھانے والے ہارمونز کی نشو نما نہیں ہوتی لیکن وہ الٰلہ کا شکر ادا کرتا ہے کہ اسی جسامت کے ساتھ وہ پوری دنیا کا فیورٹ ہے ۔۔ خیر چند سال پہلے عبدو نے سوچا تک نہیں تھا کہ وہ دوبئی ٹریول کرے گا یا انڈیا جائے گا۔ انڈیا کو اس نے صرف فلموں کی حد تک دیکھ رکھا تھا۔ ویسے بھی وہ اس کی جدوجہد کا زمانہ تھا، وہ انتہائی مفلسی میں ایک سڑک کے کنارے کھڑا ہو کر گانے گاتا اور لوگ خوش ہو کر کچھ پیسے دے دیتے جو اس کی فیملی کی ضروریات سے بہت کم ہوتے، ایک وقت وہ بھی تھا جب تیز بارش اور برف باری میں وہ دو گھنٹے پیدل چل کر سکول جاتا۔۔ بقول عبدو پیسے والے لوگ میری تکلیف کا اندازہ نہیں لگا سکتے، اس کا اندازہ وہی لگا سکتا ہے جو دو وقت سے بھوکا ہو۔

بہرحال انہی دنوں کی بات ہے کہ کچھ لوگ ان کے گھر آئے، عبدو کا گانا ریکارڈ کیا اور یو ٹیوب پر ڈال دیا۔ حیرت انگیز طور پر ایک ہی دن میں چار لاکھ لوگوں نے وہ گانا دیکھا اور یوں قسمت عبدو پر مہربان ہو گئی۔ آج وہی عبدو برانڈڈ کپڑے پہنتا ہے، مہنگی ترین گاڑیوں میں گھومتا ہے اور اس کے فالورز کی تعداد سات ملین سے زائد ہے۔

 عبدو کی مقبولیت میں ان انڈین گانوں کا بھی بہت ہاتھ ہے جو اس نے گاہے بگاہے اپنے چینل پر اپ لوڈ کئے۔ انڈین گانے وہ اس لئے گاتا کہ اس کی فیملی بالی ووڈ کی دیوانی تھی۔ عبدو بھی شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلمیں بہت شوق سے دیکھتا تھا۔ وہ سلمان خان کو بڑا بھائی جان کہتا ہے، عبدو نے سلمان خان کی فلم کا پہلا گانا جو گایا وہ ”دل دیوانہ بن سجنا کے مانے نا۔۔“ تھا۔ سلمان خان سے عبدو کی پہلی ملاقات 2022 کے آئیفا ایوارڈز کے دوران ہوئی جہاں سلمان نے عبدو کا گانا سنا اور وہ ان کے دل کو بھا گیا۔۔اور سلمان خان تو وہ جوہری ہیں جو پتھر کو بھی تراش دیں تو وہ  ہیرے کے مول بکتا ہے۔ یہ بھی سلمان خان ہی ہیں جنھوں نے عبدو کو انڈیا کے سب سے بڑے ریالٹی شو ”بگ باس“ میں متعارف کروایا، جس کی میزبانی کے فرائض وہ گذشتہ دس سال سے نبھا رہے ہیں۔

بگ باس میں عبدو کو ایک اور کھلاڑی فرح کان کے بھائی ڈائریکٹرساجد خان کی سپرداری میں دیا گیا تاکہ وہ عبدو کو شو میں بولی جانے والی ہندی کے انگریزی ترجمے سے آگاہ کرتے رہیں، یہ الگ بات ہے کہ عبدو خود بھی اچھی خاصی ہندی بولنے لگا ہے۔ اس کی ایک لائن ”ویری چالاک برو“ تو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو چکی ہے۔ شو میں عبدو کے ”لو افیئر“ کے بھی بہت چرچے ہوئے جب وہ ایک دراز قد اداکارہ نمرت کور کو پسند کرنے لگا لیکن جب بات بڑھ گئی اور شو میں موجود  کھلاڑی اسے چھیڑنے لگے اور اس کی فیملی کو بھی یہ سب اچھا نہیں لگا  تو وہ پیچھے ہٹ گیا۔ اس وقت عبدو کئی ملٹی نیشنلز برانڈز کی ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی کام کر رہا ہے۔ آپ عبدو کو قسمت کا دھنی  کہہ سکتے ہیں کیونکہ اس کا شمار بھی ان فنکاروں میں ہونے لگا ہے جنھیں سلمان خان کا آشیر باد حاصل ہے!!

شاہ رخ کی فلم ’’پٹھان‘‘ کی کراچی میں غیرقانونی نمائش

Related Articles

Back to top button