بھارتی کامیڈین راجو شری واستو دل کے ہاتھوں جان ہار گیا


بھارتی شوبز انڈسٹری میں ہنسی بکھیرنے والے معروف کامیڈین اور اداکار راجو شری واستو 58 برس کی عمر میں اچانک دل کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے۔ بھارتی کامیڈین نے ماضی میں کئی معروف پاکستانی کامیڈینز کے ساتھ مشترکہ طور پر کامیڈی شوز بھی کیے جن میں عمر شریف بھی شامل تھے۔ لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ راجو شری واستو اداکار اور کامیڈین ہونے کے ساتھ سیاستدان بھی تھے، راجو شری واستو 2014 سے بھارتی جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں، 1963 میں بھارتی ریاست اترپردیش میں پیدا ہونے والے راجو شری واستو 10 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد سے نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے لیکن 21 ستمبر کی صبح انکی سانسیں اکھڑ گئیں اور وہ اگلے جہاں کے سفر پر روانہ ہو گئے۔

معروف کامیڈین کو جِم میں ورزش کے دوران سینے میں درد اور چکرا کر گرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی تھی لیکن ان کی طبیعت نہیں سنبھال پائی کیونکہ دل کا ساٹھ فیصد حصہ کام کرنا چھوڑ چکا تھا، تب سے انہیں وینٹی لیٹر یعنی لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا۔ اس دوران ان کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ راجو شری واستو آہستہ آہستہ صحت یاب ہو رہے ہیں لیکن وہ تاحال وینٹی لیٹر پر ہی ہیں، راجو شری واستو نے 1980 کی دہائی میں ہندی فلموں میں بطور اداکار انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ راجو نے 2005 میں ’’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘‘ میں حصہ لینے کے بعد شہرت حاصل کی جوکہ اسٹینڈ اپ کامیڈی کے لیے ایک ریئلٹی شو تھا، مرحوم نے’میں نے پیار کیا‘، بازی گر، بمبئی ٹو گوا اور آمدنی اٹھنی، خرچہ روپیہ‘ جیسی مشہور ہندی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

راجو شری واستو کو اداکاروں اور سیاسی رہنماؤں کی ممکری کرنے یا نقل اتارنے کی وجہ سے بھی بہت پسند کیا جاتا تھا، مزاحیہ اداکار نے 2017 میں انکشاف کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی بھی ان کی ممکری سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس فن کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں، انہوں نے بتایا تھا کہ نریندر مودی نے مجھ سے کہا کہ اگر آپ چاہیں تو میری نقل اتار سکتے ہیں، بس شائقین کو تفریح ملنی چاہئے، راجو شری واستو کی وفات پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

راجو نے اپنے پسماندگان میں اہلیہ اور 2 بچے چھوڑے ہیں۔ شری واستو نے جن فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ان میں تیزاب، میں نے پیار کیا، بازی گر، مسٹر آزاد، واہ تیرا کیا کہنا، اور میں پریم کی دیوانی ہوں، شامل ہیں۔راجو شری واستو کی 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم جہاں جائیں گے، ہمیں پائیں گے کو ان کے مداحوں نے کافی پذیرائی دی، 2007 میں ان کی فلم ’’بگ برادر‘‘ اور 2010 میں بارود اے لو سٹوری کو بھی شائقین نے کافی پسند کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button