تنازعات میں گھری فلم ’’پٹھان‘‘ نے بالی ووڈ میں کیسے جان ڈالی؟

کنگ خان کی فل ’’پٹھان‘‘ جہاں باکس آفس پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہی ہے، اس کے ساتھ سوشل میڈیا، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں بھی اس فلم کی خوب چرچا ہے، فلم سے متعلق اخبارات و رسائل میں بھی خبریں بڑے پیمانے پر شائع ہو رہی ہیں، یہ فلم 25 جنوری کو ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں بھارت سمیت متعدد ملکوں میں ریلیز ہوئی ہے۔

فلم مبصرین کا خیال ہے کہ ’’پٹھان‘‘ نے فلم انڈسٹری میں ایک نئی جان ڈال دی ہے، کرونا کی وبا کی وجہ سے جو بہت سے سنگل اسکرین تھیٹر بند ہو گئے تھے وہ دوبارہ کھل گئے ہیں اور وہاں بھی زبردست رش نظر آ رہا ہے۔

فلم پٹھان نے پہلے دن اندرون ملک 67 کروڑ 86 لاکھ اور بیرون ملک 29 کروڑ 31 لاکھ روپے یعنی مجموعی طور پر 97 کروڑ 27 لاکھ روپے کا بزنس کیا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ بالی ووڈ کو اس فلم کا ایک عرصے سے انتظار تھا اور یہ اُمید تھی کہ اس کی نمائش فلم انڈسٹری کے لیے فالِ نیک ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ دو گھنٹے 26 منٹ کی یہ فلم یش راج بینر سے بنی ہے اور اس پر دو ارب 50 کروڑ رپے کی لاگت آئی ہے۔شاہ رخ خان کے متعدد مداحوں نے ایک ہی شو دیکھنے پر اکتفا کرنے کے بجائے ایک ساتھ کئی شوز دیکھے۔ تھیٹروں میں ایک ہفتے کی ایڈوانس بکنگ ہو گئی ہے۔

اس کے باوجود شائقین ٹکٹ کھڑکیوں پر جمے ہوئے ہیں اور اس کوشش میں ہیں کہ انہیں کم از کم ایک ٹکٹ ہی مل جائے یہاں تک کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی تمام تھیٹر ہاؤس فل چل رہے ہیں، وہاں گزشتہ کئی برس کے بعد ایسے مناظر دیکھے گئے۔

اس فلم کو شروع سے ہی تنازعات کا سامنا رہا ہے۔ چند سال قبل جب شاہ رخ خان نے بھارت میں بڑھتے مذہبی عدم برداشت پر تشویش کا اظہار کیا تھا تو دائیں بازو کی تنظیموں سے وابستہ کارکنوں کی جانب سے ان پر جارحانہ نکتہ چینی کی گئی تھی۔

مبصرین کا خیال ہے کہ پہلے تو شدت پسند ہندو تنظیموں کو فلم کا نام ہی پسند نہیں آیا کیوںکہ اس سے مسلم شناخت ظاہر ہوتی ہے لیکن جب اسی اثنا میں اس کا ایک گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز ہوا تو ان کی جانب سے شاہ رخ خان اور فلم کے خلاف احتجاج شروع کر دیا گیا۔

سب سے پہلے ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے اس کے خلاف بیان دیا اور دھمکی دی کہ وہ مدھیہ پردیش میں اسے نہیں دکھانے دیں گے۔ اس کے بعد وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل جیسی تنظیموں کی جانب سے فلم کے بائیکاٹ کی کال دی جانے لگی۔

لیکن اسی درمیان وزیرِ اعظم نریندر مودی نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نیشنل ایگزیکٹو کے اجلاس میں پارٹی ورکرز کو فلموں کے بارے میں غیر ضروری بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ممبئی کے ایک سینئر فلم مبصر فرحان حنیف وارثی کہتے ہیں کہ شاہ رخ خان نے واقعی پٹھان ہونے کا ثبوت دیا اور شدت پسند تنظیموں کی دھمکیوں کے آگے جھکنے سے انکار کر دیا۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اُنہوں نے کہا کہ اس فلم نے مبینہ نفرت انگیزی کی سیاست کو شکست دی اور محبت کے پیغام کو عام کیا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کی اپیل کے بعد پولیس نے تھیٹروں کو نقصان پہنچانے کی دھمکی کے پیشِ نظر ان کے تحفظ کا غیر معمولی انتظام کیا اور کسی کو بھی ہنگامہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اب بھی سنیما گھروں کے باہر پولیس کا پہرہ ہے۔

سنیما ہالوں کے باہر شاہ رخ خان کے مداحوں کو مٹھائیاں تقسیم کرتے، پٹاخے پھوڑتے اور رقص کرتے دیکھا جا رہا ہے، کرونا کی وبا کے بعد تمام فلمیں ملٹی پلیکس پر ریلیز ہو رہی تھیں یہ پہلی فلم ہے جو 25 سنگل سکرین کے سنیما گھروں میں بھی جو کہ کرونا کی وبا کی وجہ سے بند ہو گئے تھے، دکھائی جا رہی ہے۔

فرحان حنیف بتاتے ہیں کہ فلم پٹھان پورے ملک میں 7700 اسکرین پر ریلیز کی گئی۔ لیکن پہلے شو میں زبردست رش کے پیش نظر دوسرے شو میں مزید 300 اسکرینز کا اضافہ کر دیا گیا، مجموعی طور پر یہ فلم 8000 اسکرینز پر دکھائی جا رہی ہے جو ہندی فلموں کی تاریخ کا ایک ریکارڈ ہے۔

یہی بات ایک اور فلم مبصر ڈاکٹر پرکاش ہندوستانی بھی کہتے ہیں۔ ان کے مطابق ہندو تنظیمیں بالی وڈ پر خان برادران کی بالادستی کے خلاف ہیں۔ اسی لیے ان کی جانب سے وقتاً فوقتاً شاہ رخ، سلمان، عامر اور سیف علی وغیرہ کے خلاف بیانات دیئے جاتے ہیں، ان کے مطابق شاہ رخ خان کی مخالفت بھی اسی لیے کی جا رہی ہے کہ وہ مسلمان ہیں۔ان کا یہ بھی خیال ہے کہ بالی وڈ کے بھی بہت سے لوگ مسلم ہیروز کی بالادستی کے خلاف ہیں۔ وہ بھی نہیں چاہتے کہ شاہ رخ، سلمان، عامر اور سیف وغیرہ کی فلمیں کامیاب ہوں۔

بعض مبصرین کہتے ہیں کہ فلم کی کہانی پر کوئی بات نہیں کی جا رہی ہے۔ جب کہ حب الوطنی کا دعویٰ کرنے والی تنظیموں کو کم از کم اس وجہ سے ہی شاہ رخ خان کی اس فلم کی حمایت کرنی چاہئے کہ انھوں نے ایک محب وطن کا کردار ادا کیا ہے۔

بعض مقامات پر فلم کے پوسٹرز پھاڑے اور نذر آتش کیے گئے، مدھیہ پردیش کے شہراندور میں بدھ کے روز فلم کی مخالفت کرنے والوں نے مبینہ طور پر اسلام کے خلاف قابل اعتراض نعرے لگائے، مسلمانوں کی جانب سے اس کی شکایت کرنے پر پولیس نے چار افراد کو گرفتار کر لیا۔

کیااداکارہ راکھی ساونت کی شادی ٹوٹنے والی ہے؟

Related Articles

Back to top button