حسن نعمان نے رضامندی سے طلاق کا دعویٰ جھٹلا دیا


اداکار حسن نعمان نے سابقہ اہلیہ کی جانب سے باہمی رضامندی سے طلاق کے دعوئوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا بالکل نہیں، میری پوری کوشش تھی کہ ہماری شادی برقرار رہے، کیونکہ میں چاہتا تھا کہ میری بیٹیاں بھرپور زندگی گزاریں۔

اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے حسن نعمان نے مداحوں کو بتایا کہ وہ اہلیہ سے طلاق نہیں چاہتے تھے ان کی طلاق باہمی رضامندی سے نہیں ہوئی اور انہوں نے اپنی بیٹیوں کی وجہ سے پوری کوشش کی کہ ایسا نہ ہو۔

اداکار نے بتایا کہ میں اپنی بیٹیوں کیلئے بہت فکرمند ہوں، چاہتا ہوں کہ وہ زندگی کو بھرپور طرح سے گزاریں، حسن نعمان کا اپنی انسٹا پوسٹ میں کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر کہوں گا کہ میں شادی پر یقین رکھتا ہوں اور یہ طلاق نہیں چاہتا تھا بالخصوص اپنی بیٹیوں کیلئے کہ وہ دونوں والدین کے بغیر زندگی گزاریں۔ حسن نعمان نے لکھا کہ مدیحہ نے اپنا شرعی حق استعمال کرتے ہوئے طلاق لی اور بحیثیت مسلمان میں ان کے اس فیصلے کی مذمت کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ اس جوڑے کی شادی 2013 میں ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔ 42 سالہ اداکار حسن نعمان نے جیو ٹی وی کے ڈرامہ ’’میری دلاری‘‘ سے مقبولیت حاصل کی اور اس کے بعد درجنوں ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، حسن نعمان امریکہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم کے بعد پاکستان شفٹ ہوئے۔

Related Articles

Back to top button