سید نور نے صائمہ سے شادی کو ایک دہائی تک خفیہ رکھا

مقبول فلم ساز سید نور نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ صائمہ سے اپنی دوسری شادی کو اپنی پہلی بیوی رخسانہ نور سے ایک دہائی تک خفیہ رکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنی دوسری شادی پبلک کر دی تو ان کی پہلی بیوی اور بچوں نے انکی شادی ختم کروانے کی کوشش بھی کی لیکن انہوں نے صاف انکار کر دیا۔ سید نور نے سینئر صحافی محسن بھٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ صائمہ سے رومانس اور شادی سمیت پہلی اہلیہ رخسانہ نور اور اپنے اکلوتے بیٹے بارے بھی کھل کر باتیں کیں۔ سید نور نے بتایا کہ ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ نور گھریلو خاتون تھیں، وہی انہیں فلموں میں لائے اور انہوں نے ان کی فلموں کے لیے جتنے بھی گانے لکھے وہ بے حد مقبول ہوئے۔ ان کے مطابق یہ غلط ہے کہ ان کی ہدایت کردہ فلموں میں ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ نور کا بھی کوئی کردار تھا۔ تاہم کہا جاتا ہے کہ سید نور نے اپنی جن فلموں کو لکھنے کا کریڈٹ لیا وہ سب رخسانہ نور نے لکھی تھیں۔ رخسانہ کا چند برس پہلے کینسر کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا لیکن انہوں نے اپنے آخری دن اذیت میں گزارے جس کی بنیادی وجہ سید نور کا صائمہ سے دوسری شادی کر لینا تھا۔
70 سالہ سید نور آج کا ایک پنجابی فلم بنا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ کو صائمہ سے رومانس کا علم ہوا تو وہ سخت ناراض ہوئیں مگر پھر وہ مان بھی گئیں اور ان کی دوسری شادی کو سب سے پہلے انہوں نے ہی قبول کیا۔
تاہم سید نور کا یہ دعوی سچ پر مبنی نہیں اور انہوں نے اپنی موت تک اپنی سوکن کو قبول نہیں کیا تھا۔ سید نور نے صائمہ سے محبت اور شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صائمہ کو دیکھتے ہی انہیں ان سے محبت ہو گئی تھی مگر اس کا اظہار انہوں نے کئی سال بعد کیا۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ انہوں نے صائمہ سے محبت کی خاطر انہیں فلموں میں ہیروئن کے طور پر کاسٹ کیا اور باقی ہیروئنز کو نظر انداز کیا۔

ویب سیریز ’’لڑکیوں والا گھر‘‘ کی یوٹیوب پر مقبولیت

سید نور نے کسی بھی اداکارہ کا نام لیے بغیر بتایا کہ بعض اداکارائیں ان پر بہتان لگاتی ہیں، ایسا بلکل نہیں کہ انہوں نے محبت کی خاطر صرف صائمہ کو ہی فلموں میں کاسٹ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ انہوں نے جو کردار صائمہ کو دیے، کیا وہ کوئی اور اداکارہ کر سکتی تھیں؟ انہوں نے اعتراف کیا کہ فلم ’گھونگھٹ‘ کے بعد ان کے اور صائمہ کے درمیان محبت کی کہانی چل پڑی اور ساتھ ہی یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے کئی سال تک صائمہ سے شادی کی بات کو خفیہ رکھا۔ فلم ساز نے اعتراف کیا کہ ان کی اور صائمہ کی شادی 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چوڑیاں‘ کے فوری بعد ہو گئی تھی مگر انہوں نے اس کا اعتراف 2007 میں تقریبا ایک دہائی بعد کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب ان کی شادی کی باتیں سامنے آئیں تو ان کے خاندان سمیت صائمہ کے گھر والے بھی ناراض ہوگئے اور ہر کسی نے یہی دعویٰ کیا کہ ان کی شادی چند ماہ میں ختم ہو جائے گی۔ سید نور نے یہ انکشاف بھی کیا کہ صائمہ اور انکے خاندان نے ان کی شادی ختم کروانے کی بھر پور کوشش کی مگر چوں کہ ان کے درمیان سچی محبت تھی لہٰذا وہ ابھی تک اکٹھے ہیں۔خیال رہے کہ 2018 میں سید نور اور صائمہ کے درمیان اختلافات اور طلاقوں کی افواہیں پھیلی تھیں، جس پر دونوں نے وضاحت دیتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔
صائمہ اور سید نور کے درمیان فلم ’گھونگھٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران تعلقات استوار ہوئے، اس فلم میں صائمہ کے علاوہ ریشم، شان اور ارباز خان بھی ایکشن میں نظر آئے تھے۔ رومانٹک تھرلر فلم میں صائمہ لولی وڈ اسٹار شان سے رومانس کرتی نظر آئی تھیں، 1996 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کا گانا ’دیکھا جو چہرہ تیرا‘ انتہائی مقبول ہوا تھا۔ صائمہ نے 1987 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا، اور انہوں نے اردو اور پنجابی زبانوں میں بننے والی 150 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ سید نور نے فلم سازی کی شروعات 1970 میں کی، اور انہوں نے اب تک پنجابی اور اردو زبان کی 100 سے زائد فلمیں بنائی ہیں۔ سید نور نے بتایا کہ ان کی پنجابی فلم تیاری کے مراحل میں یے اور اگلے برس کے آغاز میں ریلیز ہو جائے گی۔

Related Articles

Back to top button