ششی کپور نے 3 دہائیوں تک بالی ووڈ پر کیسے راج کیا؟

بھارتی فلم انڈسٹری میں رومانوی کرداروں کیلئے مشہور ششی کپور نے تین دہائیوں تک اپنے فن کا جادو جگایا، بطور چائلڈ ایکٹر فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے اداکار 18 مارچ 1938 کو پیدا ہوئے اور ان کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا، ان کا رجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے، ان کے والد اور مقبول اداکار پرتھوی راج کپور، بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔1940 کی دہائی میں انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ ایکٹر کے طورپر کام کیا، ان میں 1948 میں ریلیز ہوئی فلم آگ اور 1951 میں آوارہ شامل ہیں جن میں انہوں نے اپنے بھائی راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا، 1950 کی دہائی میں ششی اپنے والد کے تھیئٹر سے وابستہ ہوگئے۔ششی کپور نے اداکار کے طورپر باقاعدہ شروعات 1961 میں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی، اس کے بعد انہیں ومل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔اس کے بعد ششی کپور نے مہندی لگی میرے ہاتھ، ہالی ڈے ان ممبئی اور بے نظیر جیسی فلموں میں بھی کام کیا، 1965 میں ہی ششی کپور کے کیریئر کی ایک اور بہترین فلم وقت ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی، راج کمار اور سنیل دت جیتے مشہور اور بہترین اداکاری تھے۔ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور ایک عمدہ رومانوی ہیرو کی حیثیت سے اُبھر چکے تھے، 80 کی دہائی میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور فلم جنون بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے کلیوگ، 36 چیرنگی لین، وجیتا، اتسو وغیرہ بھی بنائیں۔1991 میں اپنے دوست اور لاجواب اداکاری کرنے والے امیتابھ بچن کو لے کر انہوں نے اپنی کثیرالمقاصد فلم عجوبہ بنائی اور ہدایت کاری بھی کی لیکن بے جان اسکرپٹ کی وجہ سے فلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی، ششی کپور کے کیریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور نندا کے ساتھ کافی پسند کی گئی، ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔ 1990 کی دہائی میں صحت خراب رہنے کی وجہ سے ششی کپور نے فلموں میں کام کرنا تقریباً بند کر دیا، 1998 میں ریلیز ہوئی فلم جناح ان کے کیریئر کی آخری فلم ہے جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا، ششی کپور نے تقریباً 200 فلموں میں کام کیا۔ انہیں فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا گیا۔وہ 4 دسمبر 2017 کو ممبئی کے ایک ہسپتال میں اپنی مختلف بیماریوں سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے، ان کی برطانوی اہلیہ جینیفر کینڈل جو 1958 میں پیدا ہوئیں، 1984 میں انتقال کر گئی تھیں، ششی اور ان کے دو بیٹے اور بیٹی ہے جن کے نام کرن کپور، کنال کپور اور سنجنا کپور ہیں۔

Related Articles

Back to top button