عمران عباس کو صنم جنگ کو وزن میں کمی کا مشورہ مہنگا کیوں پڑ گیا

ویسے تو پاکستان میں باڈی شیمنگ کو خاص بُرا نہیں سمجھا جاتا لیکن جب بات اہم شخصیات کی ہو تو معاملہ سوشل میڈیا ٹرولنگ تک جا پہنچتا ہے، ایسا ہی کچھ اداکار عمران عباس کے ساتھ بھی ہوا جب انھوں نے اداکارہ صنم جنگ کو وزن میں کمی کا مشورہ دیا تو سخت تنقید کی زد میں آگئے۔
پاکستان میں موٹاپے کا مذاق اڑانا یا عام اصطلاح میں جس کو باڈی شیمنگ کہا جاتا ہے ایک معمولی سی بات سمجھی جاتی ہے، جسمانی ساخت کے حوالے سے مذاق اڑانے والا شاید اس کو عام بات سمجھے لیکن جس کے متعلق یہ بات کی جاتی ہے اس کی نہ صرف عزت نفس مجروح ہوتی ہے بلکہ بعض اوقات وہ شدید ذہنی مسائل سے بھی دوچار ہو سکتے ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو کا کلپ وائرل ہوا جس میں پاکستانی اداکارہ صنم جنگ مہمان تھیں، شو کے دوران ان کے ساتھی اداکار عمران عباس کو فون کال پر لیا جاتا ہے، ہوسٹ ان سے سوال کرتی ہیں کہ آپ صنم جنگ کو ان کے امریکہ وزٹ کے لیے کیا مشورہ دیں گے جس پر عمران عباس نے کہا ’’واپس آنا تو دس کلو وزن کم کر کے آنا‘‘۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے نیشنل ٹی وی پر صنم جنگ کے وزن کے حوالے سے بات کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ٹی وی اینکر رابعہ انعم نے بھی ویڈیو کلپ اپنی انسٹا گرام سٹوری پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا اگرچہ انہوں نے صنم کے ساتھ ایک دوست کی حیثیت سے مذاق کیا ہے مگر پھر بھی لائیو ٹی وی پر یہ کہنا اچھا نہیں ہے۔
جہاں ٹی وی ستاروں نے عمران عباس کی اس ویڈیو پر افسوس کا اظہار کیا وہی صارفین نے بھی عمران عباس کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا جس دن لوگ دوسروں کو پرکھنا چھوڑ کر خود کو درست کرنا شروع کردیں گے تب ہی سوچ میں تبدیلی آئے گی، گفتگو مزید آگے بڑھی تو صارفین نے عمران عباس کو آڑے ہاتھوں لیا اور حال ہی میں ان کے نئے ڈرامہ سیریل میں بہت زیادہ میک اپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھاعمران عباس کو کم میک اپ کرنے کا مشورہ کون دے گا؟
واضح رہے کہ اداکارہ صنم جنگ حال ہی میں ایک ڈارمہ سیریل پیاری مونا میں ایک موٹی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں اور ڈرامے کی کہانی معاشرے میں باڈی شیمنگ اور جسمانی ساخت کے حوالے سے بنائے گئے فرسودہ معیار کے گرد گھومتی ہے۔

Related Articles

Back to top button