ماریہ کو دوسروں کی ٹوہ لینے والوں سے سخت چڑ ہے


ایک عرصہ تک پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کرنے والی اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا ہے کہ مجھے ان لوگوں سے سخت چڑ ہے جو سارا وقت دوسروں کی ٹوہ لینے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے لوگوں کو اپنے کام سے کام رکھنا چاہیئے اور کون کیا کر رہا ہے یہ ان کا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
ماریہ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ایسے کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے جن میں پرفارمنس دکھانے کا مارجن ہو۔ انہوں نے ٹی وی سکرین پر جاری ڈرامے ’’دل زار زار‘‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آجکل جس طرح کے ڈرامے بن رہے ہیں میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسا کردار ملے جو میں نے پہلے نہ کیا ہو یا جس میں پرفارمنس دکھانے کا مارجن ہو۔ ماریہ واسطی نے کہا کہ یہ ایک ایسا کردار ہے جو لوگوں کو جوڑ رہا ہے، اگرچہ اسے کچھ شکوے بھی ہیں کیونکہ اس نے اپنے بہن بھائیوں کے لیے قربانی دی ہے لیکن بعد میں وہ لوگ اپنی زندگیوں میں مصروف ہو جاتے ہیں اور اس کی قربانی کو بھول جاتے ہیں۔
معروف اداکارہ کے بقول وہ خود کو بہت خوش نصیب سمجھتی ہیں کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں بہت شاندار لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، اپنے مشہور ڈرامے ’کلّو‘ کا ذکر کرتے ہوئے ماریہ واسطی نے بتایا کہ میرا ہٹ ڈرامہ کلّو بہت مختلف تھا جو اس معاشرے کے چہرے پر تھپڑ تھا۔اداکارہ کے مطابق ہم وہ اداکار ہیں جو حقیقی زندگی پر مبنی اداکاری پر یقین رکھتے ہیں یعنی اگر کوئی لڑکی جھونپڑی سے نکل رہی ہے اُجڑی ہوئی ہے تو وہ ایسی ہی لگنی چاہئے۔ آج کل بننے والے ڈراموں پر تبصرہ کرتے ہوئے ماریہ واسطی نے کہا کہ ہمارے ڈراموں کی زیادہ تر کہانیاں لڑکا، لڑکی کی محبت میں پھنس کر رہ گئی ہیں، میں نے جس دور میں کام کیا اس میں کردار اہم ہوتے تھے۔ ماریہ واسطی نے بتایا کیونکہ ناظرین یہ دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے ہم یہ دکھا رہے ہیں، اسی وجہ سے کوئی نئی چیز نہیں بن رہی، یہی وجہ ہے کہ کوئی تجرباتی منفرد کام نہیں ہو رہا، ماریہ سمجھتی ہیں کہ ڈراموں میں جو دکھایا جاتا ہے وہ سوسائٹی کا آئینہ ہوتا ہے تو اگر کسی کو دکھائی جانے والی چیز چُبھ رہی ہے تو غور کریں اورسمجھیں کہ یہ ان کی سوسائٹی کی ہی خامیاں ہیں۔
اپنے نئے پراجیکٹ کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ حال ہی میں یاسرا رضوری کی ڈائریکشن میں بننے والے سیریل کی شوٹنگ ختم کی ہے، اس میں میرا کردار بہت ہی الگ ہے، دیکھتے ہیں لوگ اس کو ہضم کر پاتے ہیں یا نہیں۔ واضح رہے کہ ماریہ واسطی نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے ڈرامہ ’’سارہ اور عمارہ‘‘ سے کیا، جبکہ ان کو ڈرامہ سیریل ’’آشیانہ‘‘ سے بھی خوب مقبولیت حاصل ہوئی، اس کے علاوہ ان کے مشہور ڈراموں میں بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیشے کا محل، تھوڑی دور ساتھ چلو، کندن، تیرے لیے، استانی جی، ایک اور ستم، دکھاوا اور دیگر شامل ہیں۔

Related Articles

Back to top button