مشی خان عامر لیاقت کے خلاف ویڈیو بنانے پر شرمندہ


ماضی کی معروف اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار مشی خان نے ماضی میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے خلاف بنائی گئی ویڈیوز پر معافی مانگتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے اور شرمندگی کا اظہار کیا ہے۔ مشی خان نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی بار عامر لیاقت کے خلاف ویڈیوز بنائی تھیں، جن میں انہوں نے مرحوم ٹی وی میزبان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مشی خان نے عامر لیاقت کے خلاف تب ویڈیوز بنانا شروع کیں جب کہ ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے ان سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ تاہم 9 جون کو عامر لیاقت حسین کے انتقال کرجانے کے بعد اب مشی خان نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین سے معافی مانگ لی۔

مشی خان نے تقریبا تین منٹ دورانیے کی ویڈیو میں بتایا کہ وہ بھی انسان اور خطا کا گھر ہیں، ان سے بھی خطا ہوئی اور وہ اپنی غلطیوں پر شرمسار ہیں اور وہ عامر لیاقت حسین سے دل کی گہرائیوں سے معافی کی طلب گار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقینا انہوں نے عامر لیاقت حسین کے خلاف بنائی گئی ویڈیوز میں سخت اور نامناسب الفاظ کا استعمال کیا اور یہ انہوں نے غلط جملوں کا انتخاب کیا، جس پر وہ شرمسار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عامر لیاقت حسین کے خلاف ویڈیوز بنانے پر انہیں دوسرے لوگوں نے بھی اکسایا تھا۔

تاہم انہوں نے مجموعی طور عامر لیاقت حسین کے خلاف ویڈیوز بنانے پر اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مرحوم سے معافی مانگی۔ اس دوران وہ جذبات میں آکر اشکبار بھی ہو گئیں۔ مشی خان نے عامر لیاقت کے لیے مغفرت جب کہ ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی اور ساتھ ہی مداحوں سے کہا کہ ان کے لیے بھی دعا کی جائے اور انہیں معاف کردیا جائے۔

مشی خان نے مرحوم عامر لیاقت حسین سے معافی مانگتے ہوئے ماضی میں ان کے خلاف بنائی گئی تمام ویڈیوز کو بھی انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا اکاوئنٹس سے ڈیلیٹ کردیا ہے۔ یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین 9 جون کو اچسنک انتقال کر گئے تھے اور ان کے ورثا نے انکا پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد 10 جون کو انہیں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کر دیا گیا تھا۔ یوں ان کی موت اب ہمیشہ ایک معمہ ہی رہے گی۔

Related Articles

Back to top button