پاکستانی سیاست اور شوبز کی برانڈڈ خواتین کی کہانی


عام طور پر خواتین جہاں کہیں اکٹھی ہو جائیں وہ گپ شپ کے علاوہ جس چیز میں سب سے زیادہ دلچسپی لیتی ہیں وہ برانڈڈ کپڑے، ہینڈ بیگز، جوتے اور زیورات ہیں۔ تاہم سیاست اور شوبز سے وابستہ خواتین اس معاملے میں کچھ زیادہ ہی پُرجوش ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ سیاست کے میدان میں سرگرم خواتین کی پارٹی میٹنگ ہو، اسمبلی کا اجلاس ہو یا غیر ملکی دورے، وہ اس بات کا خاص خیال رکھتی ہیں کہ ایک جگہ پہنا جانے والا سوٹ یا جوڑا دوبارہ نہ پہنا جائے۔ اسی طرح جیولری میں چونکہ اب سونے کے روایتی زیورات کی جگہ ڈائمنڈ اور لگثری جیولری جیسے مہنگے ترین برانڈز نے لے لی ہے لہٰذا مریم نواز شریف سے لے کر شیری رحمان، شیریں مزاری، سسی پلیجو، عائلہ ملک، شازیہ مری، حنا ربانی کھر، زرتاج گل، شمائلہ فاروقی، مومنہ باسط، مائزہ حمید اور مریم اورنگ زیب تک، کتنی ہی ایم پی ایز اور ایم این ایز، لاکھوں کی ایکسیسریز سے لدی ہوئی نظر آتی ہیں۔ تاہم جو شہرت بحیثیت وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے حصے میں آئی، اسے لوگ اب تک نہیں بھولے۔ حنا کے مہنگے ترین برانڈڈ بیگز اور سن گلاسز سے انڈین میڈیا نے بھی اپنی انگلیاں دانتوں تلے دبا لی تھیں۔ ان کے بعد جس خاتون سیاستدان کا میڈیا میں سب سے زیادہ چرچا ہوا وہ مریم نواز ہیں۔ ان کے برانڈڈ جوڑے، بیگز، جیولری اور جوتے ایک طرف، کہا جاتا ہے کہ ان کے میک اوور کا بجٹ بھی لاکھوں میں ہے۔ خیر وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب بھی کیسے پیچھے رہ سکتی تھیں۔نیو یارک میں جب وہ عالمی میڈیا کے روبرو پاکستان کی گرتی ہوئی اکانومی اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا تذکرہ کر رہی تھیں تو ان کے گلے میں وین کلیف کا نیکلس نمایاں نظر آ رہا تھا، جس کی قیمت 5 سے 10 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ کہنے والے تو یہ بھی کہتے ہیں کہ انھوں نے مین ہیٹن نیو یارک کے مہنگے ترین سٹورز سے ہزاروں ڈالرز کی شاپنگ کی ہے۔

سیاسی خواتین کی طرح شوبز کی خواتین بھی اپنی امیرانہ لک کی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ آج کل ہر اداکارہ کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ جوڑوں، جوتوں، جیولری، بیگز حتیٰ کہ سکن کیئر پراڈکٹس بھی مہنگے برانڈڈز کی ہوں۔ البتہ انھیں یہ مارجن اس لئے دیا جا سکتا ہے کہ ان کا بزنس ہی یہی ہے۔ لیکن حال ہی میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں منعقدہ ہم ایوارڈز کی تقریب میں تو برانڈڈ ڈریسز کے شوق میں ہماری اداکاراؤں نے لالی ووڈ کیا ہالی ووڈ کو بھی مات دے دی ہے یا شاید ان میں سے اکثریت نے یہ سوچا ہو کہ مغربی ملک میں مشرقی پہناوئوں کا کیا کام؟ بہرحال ہم ایوارڈز کی اس تقریب میں ریڈ کارپٹ کے دوران زیادہ تر اداکارائیں جن میں اقراء عزیز، اُشنا شاہ، ایمن سلیم، ہانیہ عامر، صبور علی اور ماہرہ خان بھی شامل ہیں،بیک لیس اور سلیو لیس ڈریسز میں نظر آئیں۔ اور تو اور اکثر اداکاراؤں سے اپنے ٹیل والے گاؤنز سنبھالے نہیں جا رہے تھے اور وہ بمشکل چل رہی تھیں۔ دوسری طرف شو میں عائزہ خان، زینب شبیر اور عروہ حسین کے ڈریسز مشرقی رنگ لئے ہوئے تھے جبکہ بشریٰ انصاری، ثانیہ سعید، زارا نور عباس، سونیا حسین، حریم فاروق اور کئی سینئر اداکاراؤں نے ساڑھیاں پہن رکھی تھیں اور بہت ایلی گینٹ لگ رہی تھیں

Related Articles

Back to top button