پسوڑی گانے نے بھارت میں بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیئے


پاکستانی اور بھارتی گانوں کو ہمسایہ ممالک میں پسند کیا جانا کوئی نئی بات نہیں لیکن پاکستانی کوک سٹوڈیو کے مشہور گانے پسوڑی نے بھارت میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ یاد رہے کہ پسوڑی گانے کو گلوکار علی سیٹھی اور گلوکارہ شے گل نے گایا تھا جس نے ملک بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے تھے۔ کوک سٹوڈیو پاکستان اب تک کا سب سے طویل عرصے تک چلنے والا موسیقی کا شو ہے جسے کوکا کولا سپانسر کرتا ہے، اس شو میں پاکستان کے مشہور گلوکاروں کی جانب سے سٹوڈیو میں ریکارڈ کی گئی پرفارمنسز شامل ہوتی ہیں۔ کوک سٹوڈیو میں پاپ، اور روح کو چھو جانے والی قوالی سے لے کر ریپ گلوکاری تک شامل ہوتی ہے جس میں لوک اور کلاسیکل موسیقی کا رنگ نمایاں ہوتا ہے، کوک سٹوڈیو کو پاکستان میں آغاز سے ہی بہت زیادہ کامیابی حاصل ہوئی لیکن اس کے تخلیق کاروں کو جس چیز نے حیران کیا وہ انڈیا میں اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے۔

بھارت اور پاکستان کے مابین طویل دشمنی ہمیشہ سے ثقافتی تبادلے کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرتی رہی ہے۔ لیکن کوک سٹوڈیو پاکستان والوں نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا کہ انہیں انڈیا سے اس قدر محبت ملے گی۔ لاکھوں انڈین آج بھی پاکستانی گلوکاروں غلام علی اور عابدہ پروین کے گانے گنگناتے ہیں، پاکستان کی کئی نسلیں انڈین فلمیں دیکھتے بڑی ہوئی ہیں اور بالی ووڈ کی فلموں نے یہاں باکس آفس پر ریکارڈز قائم کیے۔ اسی طرح پاکستان کے ٹی وی ڈرامے بھی انڈیا میں بہت زیادہ مقبول ہیں۔ کچھ سال پہلے تک دونوں ممالک کے فنکار فلموں اور موسیقی کے منصوبوں میں مل کر کام کرتے رہے لیکن سیاسی مخالفت ثقافتی میدان میں بھی عود آئی۔ بالی ووڈ نے پاکستانی اداکاروں کو منصوبوں سے نکالنا شروع کر دیا اور پاکستان نے انڈین فلموں پر پابندی لگا دی۔

2005 میں کوکا کولا نے کوک سٹوڈیو شو کا آغاز برازیل سے کیا جسکے بعد 2015 میں کوک سٹوڈیو پاکستان میں بھی شروع ہو گیا۔ اسکے علاوہ انڈیا اور بنگلہ دیش کے کوک سٹوڈیو ورژن بھی آ گئے۔

کوک سٹوڈیو پاکستان کے چار سیزن پروڈیوس کرنے والے فیصل کپاڈیا نے بتایا کہ پاکستانی کوک سٹوڈیو میں پاکستان کی سبھی اقسام کی موسیقی شامل ہے جس میں پاپ سے لے کر قوالی بھی ہے، ان سب کو ایک پلیٹ فارم پر لایا گیا ہے، جب بھی ایک نیا پروڈیوسر اس کی کمانڈ لیتا ہے وہ اس کی موسیقی میں اپنا انداز شامل کرتا ہے، اس لیے سننے والوں کو ہر سیزن میں مختلف ذائقہ ملتا ہے، یہ جیمز بانڈ فلموں کی طرح ہے، ہر بار اداکار بدل جاتا ہے لیکن فلم کا احساس وہی رہتا ہے۔

Related Articles

Back to top button