کرینہ کپور کو اپنی نئی فلم کیلئے آڈیشن کیوں دینا پڑا؟


انڈین فلم انڈسٹری میں بے بو کے نام سے پہچان بنانے والی بالی ووڈ سٹار کرینہ کپور درجنوں سپر ہٹ فلموں کے ذریعے خود کو منوا چکی ہیں، لیکن انہیں تب حیرانی کا سامنا کرنا پڑا جب اداکار عامر خان نے اپنی فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کیلئے ان کا آڈیشن دلوایا۔ کرینہ نے تقریباً ایک دہائی کے بعد عامر خان کے ساتھ دوبارہ کام کیا ہے۔کرینہ سے پوچھا گیا کہ اتنی سینئر ایکٹرس ہونے کے باوجود لال سنگھ چڈھا فلم کے لیے عامر خان نے ان کا آڈیشن کیوں لیا؟ اس پر کرینہ نے بتایا کہ عامر خان ایک پروفیشنل آدمی ہیں اور وہ یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ کیا میں ادھیڑ عمر خاتون کا کردار ادا کر پائوں گی بھی یا نہیں، یہ آڈیشن کلیئر کرنے کے بعد ہی کرینہ کپور اس فلم کا حصہ بنیں۔

2000ء میں جے پی دتہ کی فلم ’’ریفیوجی‘‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی کرینہ کپور خان نے ہندی فلم انڈسٹری میں 22 سال مکمل کر لئے ہیں، ان بیس سالوں میں کرینہ کپور نے اپنی کامیابی اور سٹارڈم کو برقرار رکھا ہے۔ کرینہ کپور کا خیال ہے کہ آج فلموں میں ستاروں کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور فارمولا فلمیں نہیں چلیں گی، اُن کا ماننا ہے کہ اداکار فلموں میں تب ہی زندہ رہ سکتے ہیں جب ان کی فلموں کی عمر لمبی ہو۔ اومکارہ، چمیلی، جب وی میٹ اور کبھی خوشی کبھی غم جیسی فلموں کی مثال دیتے ہوئے کرینہ نے کہا کہ یہ فلمیں آج بھی دیکھی جا سکتی ہیں، اس لیے کسی بھی اداکار کے لیے فلموں کا انتخاب بہت ضروری ہوتا ہے۔ آج کے دور کی فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کرینہ نے کہا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ سٹار ہیں، کرونا وائرس کی وبا کے دوران لوگوں نے گھر بیٹھے زبردست مواد دیکھا ہے۔ اب تھیٹر، فلمیں او ٹی وی پر دستیاب ہوں گی، شائقین اب صرف فیملی انٹرٹینمنٹ والی فلموں کے لیے سینما گھروں میں آئیں گی، چاہے وہ عامر خان ہوں یا اس فلم میں کوئی نیا فنکار۔

کرینہ کپور کا خیال ہے کہ گانے، سیکس، ہیروئن کے آئٹم نمبر اور دو کلائمکس سین والی فارمولا فلمیں اب نہیں چلے گا، حال ہی میں، جنوبی ہند کی ریاستوں میں بنی فلموں جیسے RRR، KGF 2، Pushpa نے ہندی فلموں سے بہتر کمائی کی ہے اور سامعین پر غلبہ حاصل کیا ہے۔

جنوبی ہند کی فلموں کے بارے میں کرینہ کا کہنا ہے کہ ان فلموں کی ایک کہانی ہوتی ہے۔ ایسا نہیں ہوتا کہ دو گانے بن رہے ہوں، پھر ایک سین اور پھر ہیروئن ولن کے دروازے پر ناچ رہی ہو۔

ساؤتھ کی فلموں میں اس سب کے باوجود ایک کہانی ہوتی ہے، میں نے باہو بلی فلم دیکھی ہے، کیا زبردست آرٹ ہے، وی ایف ایکس اور کتنی شاندار کہانی ہے، ایک طاقتور کہانی ہی سامعین کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ کرینہ نے بتایا کہ فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کے دوران کروناوبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن چل رہا تھا، اس دوران میں دوسری بار حاملہ ہوئی اور ماں بنی لیکن کام جاری رکھا، کرینہ کپور کا ماننا ہے کہ یہی عورت کی طاقت ہے، وہ کہتی ہیں کہ ایسا کچھ نہیں ہے جو ہم خواتین نہیں کر سکتیں۔ حمل کے دوران کام کرنے میں کرینہ کو عامر سے کافی مدد ملی تاہم کرینہ نے واضح کیا کہ ان کے حاملہ ہونے کے بعد سکرپٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گھر میں دو بچے ہیں، وہ اپنے کام اور خاندان کے درمیان توازن قائم کرنا چاہتی ہیں، اس لیے، اب سال میں صرف ایک سے دو فلمیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button