کیا اداکارعدنان صدیقی نے مسلم لیگ ن جوائن کر لی؟

معروف اداکار عدنان صدیقی نے لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کیا کی، سوشل میڈیا پر ان کی سیاست میں انٹری کے حوالے سے ایک نیا طوفان کھڑا ہو گیا اور یہ خبر اڑ گئی کہ وہ نواز لیگ میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، لیکن عدنان نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔

اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں بتانا چاہتا ہوں کہ میری نواز شریف سے ملاقات کوئی سوچا سمجھا منصوبہ نہیں تھا۔ میں نے ان سے ذاتی حیثیت میں ملاقات کی جس میں کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں تھا، میرے دل میں صرف شوبز انڈسٹری کا مفاد تھا، میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں جس پر میں نے ہمیشہ یقین کیا ہے اور اکثر کہا تھا کہ سیاست اور فنون کو الگ رکھنا چاہئے۔

عدنان صدیقی کے مطابق میرے حوالے سے ایک خبر شائع ہوئی کہ میں نے ن لیگ جوائن کرلی جوکہ بالکل غلط اور فیک نیوز ہے، میں نے ایسا بالکل نہیں کیا، میں سیاست میں نہیں آ رہا ہوں، میں حیران ہوں کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے اس پر وضاحت والا کوئی بیان کیوں نہیں آیا، خاص طور پر جب وزارت اطلاعات و نشریات کے آفیشل ہینڈل نے اس پر ایک جعلی ٹویٹ شیئر کی تھی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ٹرول کرنے والوں اور نفرت کرنے والوں نے اظہار رائے اور رائے کی آزادی کے اپنے حق کا استعمال کیا ہے اور میں ان کے جذبات کا احترام کرتا ہوں تاہم ہمیں ہر چیز کو سیاسی نظریے سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ عدنان صدیقی کو نواز شریف سے ملاقات پر سوشل میڈیا پر اس لیے بھی تنقید کا سامنا ہے کہ ماضی میں ایک لائیو پروگرام کے دوران وہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم ناکامی پر تنقید کرچکے ہیں۔

عدنان صدیقی نے کہا کہ میرے لیے ہمیشہ غیر جانبداری کلید چیز رہی ہے، جہاں تک ان لوگوں کا تعلق ہے، جنہوں نے میری فلموں اور ڈراموں کا ’’بائیکاٹ‘‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ان کی مرضی ہے، میں تعریف اور تنقید دونوں کا خیر مقدم کرتا ہوں، اب اگر ہر کوئی مجھے کسی ایسے کام کے لیے ٹرول کر رہا ہے جو میں نے کیا ہی نہیں تو میں کیاکر سکتا ہوں۔

Related Articles

Back to top button