ہم ٹی وی کی تقریب میں احمد علی بٹ کو تھپڑ کیوں پڑ گیا؟


معروف ٹی وی چینل ‘ہم’ کی کینیڈا میں منعقدہ ایوارڈز کی تقریب کے دوران تب حاضرین محفل کو اچانک سانپ سونگھ گیا جب اداکار احمد علی اکبر نے معروف کامیڈین احمد علی بٹ کو ہالی ووڈ سٹار ول سمتھ کی طرح ایک زور دار تھپڑ رسید کر دیا۔ ہم ایوارڈز کی تقریب کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں ہوئی، جہاں احمد علی اکبر نے ’’پری زاد‘‘ کا کردار ادا کرنے پر بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔ تقریب کے دوران میزبان اور کامیڈین احمد علی بٹ نے اداکار احمد علی اکبر کو مذاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں کافی عرصے سے کالا کہتے آ رہے ہیں۔ احمد بٹ نے کہا کہ ایک تو وہ پہلے سے ہی کالے ہیں اور اوپر سے ’پری زاد‘ ڈرامے میں موصوف نے پانچ پانچ ہیروئنز کے ساتھ منہ بھی کالا کر لیا۔ یہ باتیں سن کر احمد علی اکبر اپنی نشست سے اٹھ کر احمد علی بٹ کے سامنے آئے اور پھر انہیں ایک زور ڈار تھپڑ رسید کر دیا، اس واقعے پر پہلے تو اچانک ہال میں سناٹا چھا گیا لیکن پھر تالیاں بجنے لگیں۔ تھپڑ مارنے اور کھانے والے دونوں اداکاروں نے دنیا کے سب سے معتبر فلمی میلے ’’آسکر‘‘ میں ہالی ووڈ اداکار ول سمتھ اور میزبان کرس راک کی روایت دہرائی تھی۔

یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں آسکر تقریب کے دوران ہالی ووڈ اداکار ول سمتھ نے اہلیہ جیڈا پنکٹ کے بالوں پر مذاق کرنے پر میزبان کرس راک کو تھپڑ دے مارا تھا، جس پر ول اسمتھ پر آسکر ایوارڈز میں شرکت پر 10 سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ ول اسمتھ کی جانب سے کرس راک کو تھپڑ رسید کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دنیا بھر میں مقبول ہوگئی تھی۔ اب احمد علی بٹ اور احمد علی اکبر نے بھی انکی روایت کو دُہرایا ہے۔ احمد علی اکبر کی جانب سے احمد علی بٹ کو تھپڑ رسید کرنے کا معاملہ بظاہر مذاق لگ رہا ہے اور دونوں نے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایوارڈ منتظمین کی اجازت سے اس عمل کو دُہرایا ہے۔ تاہم اس حوالے سے اداکاروں اور انتظامیہ نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔ احمد علی اکبر کی جانب سے احمد بٹ کو تھپڑ رسید کرنے پر ایوارڈ شو میں موجود فنکاروں نے تالیاں بجا کر دونوں اداکاروں کو داد بھی دی اور ان دونوں کی ویڈیو بھی دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

واضح رہے کہ ہالی ووڈ فلم اکیڈمی نے مشہور کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد اداکار ول سمتھ پر 10 سال تک آسکر ایوارڈز یا کسی اور اکیڈمی ایونٹ میں شرکت پر پابندی عائد کر دی تھی، ہالی ووڈ سٹار ول سمتھ نے 94 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں سٹیج پر پریزنٹر کرس راک کو تھپڑ مارا تھا، تھپڑ مارنے کے بعد ول سمتھ نے فلم ’کنگ رچرڈ‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button