سونم کپور نے ایک کروڑ روپیہ اور زیور کیسے گنوائے؟

بھارتی اداکارہ سونم کپور اور ان کے شوہر آنند آبوجا اپنے گھر میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات کے باعث خبروں میں آ گئے ہیں، اس واردات میں ماضی کے بولی وڈ سپر سٹار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور ایک کروڑ روپے کے زیورات اور نقدی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
ہائی پروفائل کیس ہونے کی وجہ سے پولیس معلومات کو خفیہ رکھ رہی ہے۔ پولیس نے اس شک کے بعد کہ ڈکیتی کی واردات میں گھر کے ملازم شریک ہو سکتے ہیں، 25 ملازمین کو شامل تفتیش کر لیا ہے۔ تاہم تاحال کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
پولیس میں درج کروائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ واردات میں ایک کروڑ روپے نقد کے علاوہ سونے اور ہیرے کے زیورات بھی شامل ہیں ہیں۔ گھر میں سونم کپور کے سسر اور ساس سمیت ان کے شوہر کی دادی رہتی ہیں، تاہم اداکارہ اور ان کے شوہر بھی وہاں قیام کرتے رہتے ہیں۔
سونم کے سسرالیوں کے گھر بڑی ڈکیتی کی واردات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب پولیس سونم کپور کے سسر کی کمپنی کی جانب سے 27 کروڑ روپے کے فراڈ کا کیس بھی سامنے آیا تھا، پولیس سونم کپور کے سسر کی کمپنی میں کروڑوں روپے کے فراڈ کیس کی تفتیش بھی کر رہی ہے۔ واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے سونم کے گھر کی ایک سال کی خفیہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ بھی دیکھی جا رہی ہی۔
سونم کپور کے سسرالیوں کے گھر میں بڑی ڈکیتی کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جبکہ اداکارہ نے حال ہی میں اُمید سے ہونے کی تصدیق کی تھی، ان کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ یاد رہے کہ سونم کپور نے مئی 2018 میں صنعت کار آنند آہوجا سے شادی کی تھی، جس کے بعد وہ کچھ عرصے کے لیے لندن منتقل ہوگئی تھیں، اس وقت وہ بھارت میں رہائش پذیر ہیں۔شادی کے بعد اداکارہ کو اسکرین پر کم دیکھا جا رہا ہے، تاہم فیشن شوز میں زیادہ دکھائی دے رہی ہیں۔