رنبیرکپوراورعالیہ بھٹ کی شادی کی تقریبات کا آغاز

بالآخر بالی وڈ کے کپور خاندان سے تعلق رکھنے والے رنبیر کپور اور بھٹ خاندان سے تعلق رکھنے والی عالیہ بھٹ کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ رنبیر کپور معروف بالی ووڈ جوڑے رشی کپور اور نیتو سنگھ کے بیٹے ہیں جب کہ عالیہ فلم مشہور ڈائریکٹر اور پروڈیوسر مہیش بھٹ کی بیٹی ہیں۔
شادی کے پہلے مرحلے میں ممبئی میں مذہبی اور دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس کے بعد عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی مہندی کی رسم ادا کی گئی جس میں خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ بالی ووڈ کی اس مشہور جوڑی کی شادی ممبئی کے واستو اپارٹمنٹ میں ہو رہی ہے جہاں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے الگ الگ فلیٹس بھی ہیں، شادی کی تقریبات کے آغاز سے ایک رات قبل ہی واستو بلڈنگ کو مکمل طور پر آرائشی لائٹس سے روشن کر دیا گیا تھا، گولڈن اور پنک لائٹس سے جگمگاتی عمارت کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔ مہندی کی رسم کے اگلے دن سنگیت ہوا جبکہ شادی کی آخری تقریب اور رخصتی 15 اپریل کو طے ہے، اداکار جوڑے نے اپنی شادی کی تقریبات کے حوالے سے تاحال کوئی بیان نہیں دیا تاہم عالیہ بھٹ کے سوتیلے بھائی راہل بھٹ نے بتایا ہے کہ مرکزی تقریب کے لیے سکیورٹی کے انتظامات کیے جا چکے ہیں اور اس سلسلے میں 200 گارڈز تعینات ہوں گے۔
راہل بھٹ کے مطابق شادی کی تقریب میں صرف 28 افراد کو مدعو کیا گیا ہے جو قریبی رشتہ دار اور دوست ہی ہوں گے، ہندوستان ٹائمز کے مطابق عالیہ بھٹ کے گھر کو خوبصورت لائٹس کے ساتھ سجا دیا گیا ہے جبکہ بالی ووڈ سٹارز کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔
عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے گھر کے باہر فوٹوگرافروں اور رپورٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے جوکہ تقریب کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ رپورٹنگ کر رہی ہے، جبکہ مداحوں کی جانب سے تحائف بھیجنے کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا ہے، دو مداحوں کی جانب سے عالیہ بھٹ کے گھر پر خصوصی تحائف پہنچائے جا رہے ہیں۔
بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ عالیہ بھٹ کی رنبیر سے محبت کی کہانی سنجے لیلا بھنسالی کے سیٹ پر شروع ہوئی تھی۔ عالیہ بھٹ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انھوں نے رنبیر کپور کو پہلی بار سنہ 2005 میں دیکھا تھا اور اس کے بعد ’مجھے پہلی بار رنبیر پر کرش ہو گیا تھا۔‘
انھوں نے بتایا تھا کہ ’جب میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بلیک‘ کے لیے آڈیشن دے رہی تھی تو رنبیر وہاں بطور اسسٹنٹ کام کر رہے تھے۔ یہیں انھیں دیکھ کر میں دل ہار گئی۔‘ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے افیئر کے چرچے اس وقت شروع ہوئے جب دونوں نے ہدایتکار ایان مکھر جی کی فلم ’برہمستر‘ سائن کی تھی۔ شروع میں لوگوں کا خیال تھا کہ یہ فلم ’برہمستر‘ کی تشہیر کا حصہ ہے، لیکن آہستہ آہستہ یہ گپ شپ بھی شروع ہو گئی کہ برہمستر کی شوٹنگ کے وقت سے ہی وہ ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔ انکے افیئر کی خبروں کو تب مزید ہوا ملی جب عالیہ اور رنبیر پہلی بار سونم کپور کی شادی کے استقبالیہ میں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے پہنچ گئے۔ اس کے بعد دونوں کو کئی ایوارڈ فنکشنز میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا اور اب بالآخر دونوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا ہے۔