گیم آف تھرونز‘‘ کا پریکوئل ’’ہائوس آف دی ڈریگن‘‘ تیار


اقتدار کی کشمکش محبت اور خونی جنگوں پر مبنی ماضی کی مقبول ٹی وی سیریز ’’گیم آف تھرونز‘‘ کے شائقین جلد ہی اس جدوجہد کی ماضی کی کہانی پر مبنی ایک نئی سیریز ’’ہاؤس آف دا ڈریگن‘‘ کے نام سے دیکھ سکیں گے۔
2011 سے 2019 تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ’’گیم آف تھرونز‘‘ سیریز اگرچہ کافی تنقید کے ساتھ ختم ہوئی لیکن اب بھی دنیا بھر میں اس کے بہت سے مداح موجود ہیں، مصنف جارج آر آر مارٹن کی کتابوں پر مبنی ’گیم آف تھرونز‘ دنیا کی مقبول ترین ٹی وی سیزیز میں شمار ہوتی ہے، اب اس کا پریکوئل ’ہاؤس آف دا ڈریگن‘ سیریز کی صورت میں بنایا جا رہا ہے جو 2018 میں شائع ہونے والے مارٹن کے ناول ’فائر اینڈ بلڈ‘ پر مبنی ہے۔
یہ کہانی ’گیم آف تھرونز‘ کے واقعات سے 200 سال قبل ہاؤس آف ٹارگیرین کے زوال کے آغاز اور اس کے بعد خانہ جنگی کی داستان بیان کرتی ہے، اس سیریز کی پہلی قسط رواں سال 21 اگست کو HBO Max پر نشر کی جائے گی، سیریز کی 10 قسطیں ہیں تاہم ایچ بی او کی جانب سے یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ ’’ہاؤس آف دا ڈریگن‘‘ کے کتنے سیزن ہوں گے اور ہر سیزن کتنی قسطوں پر مشتمل ہوگا۔
تاہم خیال ہے کہ ’ہاؤس آف دا ڈریگن‘ کے بھی کم از کم تین سیزن ہوں گے، سیریز میں برطانوی اداکار پیٹرک کونسڈین کنگ ویزریس ٹارگیرین کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ ایما ڈارسی ان کی پہلی بیٹی شہزادی رینیرا ٹارگیرین کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
سیریز میں میٹ سمتھ نے بادشاہ کے چھوٹے بھائی اور تخت کے ممکنہ وارث شہزادہ ڈیمن ٹارگیرین کا کردار ادا کیا، اولیویا کک نے ایلیسنٹ ہائی ٹاور کا کردار ادا کیا، اور ریز ویدرسپون نے ان کے والد اوٹو ہائی ٹاور کا کردار ادا کیا ہے، جو بادشاہ کے خاص مشیر ’کنگز ہینڈ‘ ہیں۔
یہ کہانی ’گیم آف تھرونز‘ کی مہم جوئی کا تسلسل ہے، جو ٹارگیرین خاندان کی کہانی بیان کرتی ہے، سیریز کنگ ویزریس کی کہانی سے شروع ہوتی ہے، جو آئرن تھرون پر بیٹھا ہے اور اس کی بیٹی رینیرا اگلی جانشین ہے، لیکن یہ معاملہ ویسٹروس میں تنازعے کی طرف جاتا ہے کیونکہ ہر کوئی اس فیصلے سے خوش نہیں ہے۔
جارج آر آر مارٹن نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ میں نے ہاؤس آف دا ڈریگن کی ایڈیٹنگ میں کچھ دوسری اقساط دیکھی، اور میں پچھلی اقساط سے اتنا ہی خوش تھا، پروڈیوسرز رائن کنڈل اور میگئل ساپوچنک، اداکار اور ان کی ٹیم شاندار کام کر رہی ہے۔
مارٹن نے مزید لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ آپ میں سے جو پیچیدہ، متضاد کرداروں کو پسند کرتے ہیں وہ اس سیریز کو پسند کریں گے، یقینی طور پر بہت سے ڈریگن اور لڑائیاں ہوں گی، لیکن کہانی کا بنیادی ستون انسانی تنازع، محبت اور نفرت ہے۔
یہ دیکھتے ہوئے کہ اس سیریز کے واقعات ’گیم آف تھرونز‘ سے برسوں پہلے رونما ہوئے ہیں، اس بات کا امکان نہیں ہے کہ ہم اس سیریز میں ’گیم آف تھرونز‘ کے مانوس چہرے دیکھیں گے۔

Related Articles

Back to top button