عامر خان اور کرینہ کی ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی کہانی کیا ہے؟


معیاری اور بلاک بسٹر فلموں کے حوالے سے پہچان رکھنے والے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی نئی فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کا ٹریلر ریلیز ہو گیا ہے، ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ہالی ووڈ کی سپرہٹ ’فلم فارسٹ‘ گمپ سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔

فلم میں مرکزی کردار عامر خان نے نبھایا ہے جو کہ ایک معذور بچے کا ہے جس کو اس کی ماں مونا سنگھ اس وجہ سے پہاڑوں پر لے جاتی ہے کہ اس کے بیٹے کے ساتھ معاشرے کے عام لوگوں کی طرح برتاؤ کیا جائے۔ جیسے جیسے ٹریلر آگے بڑھتا ہے، لال کے کردار کو بیساکھیوں کے بغیر دوڑتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، اس کے بعد وہ انڈین فوج میں بھرتی ہوتا ہے اور ملک کی خدمت کرتا ہے، ٹریلر میں عامر خان اور کرینہ کپور کے رومانوی مناظر بھی دکھائی دیتے ہیں جبکہ دل ٹوٹنے جیسے جذباتی مناظر بھی اس کا حصہ ہیں۔

ٹریلر کے مطابق عامر خان کرینہ سے شادی کرنا چاہتے ہیں تاہم وہ یہ کہتے ہوئے انکار کر دیتی ہیں کہ ہمارا کچھ نہیں ہو سکتا، ٹریلر کے آخر میں عامر خان بہت بڑی داڑھی اور پگڑی میں دکھائی دیتے ہیں بالکل فارسٹ گمپ کی طرح، جس میں ٹام ہینکس مکالمہ بولتے ہیں امی ہمیشہ سے کہتی آئی ہیں، زندگی چاکلیٹس کے ڈبے کی طرح ہے۔ ایسے ہی انداز میں عامر خان کہتے ہیں ’ماں کہتی ہے زندگی گول گپے کی طرح ہوتی ہے، پیٹ بھلے بھر جائے، من نہیں بھرتا، ٹریلر دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ انسان کو جذبات، مشکلات، اُمید اور محبت کی رو میں بہا لے جاتا ہے۔

انسٹاگرام پر عامر خان نے بھی اپنے پیج پر اس ٹریلر کو شیئر کیا جس کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ دیکھیں لال سنگھ چڈھا کی زندگی کا غیرمعمولی سفر، ایک عام آدمی جس کا دل محبت، اُمید اور جوش سے بھرپور ہے، اس کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ پیش خدمت ہے لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر، فلم کو 11 اگست کو دنیا بھر کے سییما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

لال سنگھ چڈھا‘ کو ابتدائی طور پر 2020 اور بعد ازاں 2021 کے آخر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم کورونا کی وبا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے اس کی شوٹنگ تاخیر کا شکار رہی۔
نومبر 2021 میں ٹیم نے اعلان کیا تھا کہ ’لال سنگھ چڈھا‘ کو اپریل 2022 میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم ایسا ممکن نہیں ہو سکا تھا اور اب طویل انتظار کے بعد فلم کا مختصر ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے 11 اگست کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ عامر خان، کرن راؤ اور ویاکوم 18 کی جانب سے پروڈیوس کردہ فلم کی ہدایات ادویت چندن نے دی ہیں جب کہ اس کی ہندی کہانی اتل کلکرنی نے لکھی ہے۔

فلم کے مختصر دورانیے کے ٹریلر سے کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم انداہ ہوتا ہے کہ بچپن میں عامر خان پولیو جیسی کسی بیماری کا شکار ہوتے ہیں جو بڑے بن کر نہ صرف تیز دوڑنے والے شخص بنتے ہیں بلکہ فوج میں شمولیت بھی اختیار کرتے ہیں۔

ٹریلر میں عامر خان کو وبائی مرض کے شکار بچے سمیت نوجوان بہادر کے روپ میں بھی دکھایا گیا ہے۔ انہیں جہاں کرینہ کپور سے رومانس کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، وہیں یہ بھی اشارہ دیا گیا ہے کہ دونوں کی رومانوی کہانی میں کچھ مشکلات بھی آتی ہیں۔ فلم میں دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں اور لوگوں نے ’لال سنگھ چڈھا‘ کے ٹریلر کو سراہتے ہوئے اسے عامر خان کی ممکنہ طور پر اب تک کی سب سے بہترین فلم بھی قرار دیا ہے۔ ’لال سنگھ چڈھا‘ سے قبل عامر خان کی آخری فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جو فلاپ ہوگئی تھی۔ تاہم امید کی جارہی ہے کہ عامر خان کی نئی فلم بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔

Related Articles

Back to top button